عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پہ آج سماعت کرنے والے دو رکنی بنچ کے رکن جسٹس محمد آصف "اچانک ” چھٹی پر چلے گئے، آج درخواستوں کی سماعت نہیں ہو سکے گی۔ڈویژن بینچ میں شامل ایک جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی
دوسری جانب عمران خان کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت یکم جولائی تک بغیر کاروائی کے ملتوی کر دی گئی، جج شاہ رخ ارجمند نے آج اڈیالہ میں سماعت کرنا تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی ہے۔خالد یوسف ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب (قومی احتساب بیورو) نے بدنیتی سے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور نامکمل تفتیش کی بنیاد پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنا دی۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے معاہدے کا مکمل متن حاصل نہ کرنا نیب کی ہچکچاہٹ اور بدنیتی کا واضح ثبوت ہے۔ اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ این سی اے کے حکام کو تفتیش میں شامل نہیں کیا گیا اور استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔مزید برآں، اپیل میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ 17 جنوری 2025 کو احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو کالعدم قرار دیا جائے اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کیا جائے۔