وزیراعظم کا واشنگٹن میں شاندار استقبال، امریکی تاجروں سے ملاقات

0
54

وزیراعظم امریکا پہنچ گئے، کل امریکی صدر سے بیٹھک ہو گی۔ آئی ایم ایف کے وفد سےآج ملاقات شیڈول ہے، واشنگٹن پہنچنے پر عمران خان امریکی تاجروں٘ سے ملے، وزیراعظم آج پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرینگے۔

پاک امریکا تعلقات کے نئے دور کا آغاز، وزیراعظم کا واشنگٹن میں پاکستان ہاؤس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ عمران خان کے استقبال کیلئے واشنگٹن کی سڑکوں پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے قومی اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، ڈھول بجا کر انہیں خوش آمدید کہا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے واشنگٹن میں ڈیموکریٹ پارٹی کے بااثر رکن اور معروف تاجر جاوید انور کی قیادت میں امریکی کاروباری افراد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی پیش کش کی۔ سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کی امریکی صدر سے کل ملاقات بھی شیڈول ہے، عمران خان کی وائٹ ہاؤس آمد پر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے۔ اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ نے عمران خان کے دورہ امریکا کو دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنانے کا موقع قرار دیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دورہ تعاون اور پائیدار شراکت داری کو مستحکم بنانے کا ایک موقع ہے، امریکا پاکستان کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کیلئے کمرشل فلائٹ سے براستہ دوحا واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

قطرائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبر الباکر نے وزیراعظم عمران خان سے دوحا ائیرپورٹ پر ملاقات کی۔

Leave a reply