عمران خان نے اس پورے ضمنی الیکشن کو مذاق بنا دیا ہے:قمر زمان کائرہ

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے اس پورے ضمنی الیکشن کو مذاق بنا دیا ہے۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے یہ الیکشن کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ وہ صرف انتخابی عمل کا مذاق اڑانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے نتائج کا آئندہ عام انتخابات کی تاریخ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق ہر ایک کو ہے لیکن اگر کسی نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو حکومت اس کا دفاع کرنے کی پابند ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ساتھ اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے جو ملک کو استحکام کی طرف لے جائے گی۔

پاکستان بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی کل 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جس میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا ہے، پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی 6 نشستوں کے علاوہ پنجاب کی 2 صوبائی نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کرلی۔

قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر کے ضمنی انتخابات میں صرف شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی۔

خانیوال
پی پی 209 خانیوال کے پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے فیصل نیازی 71 ہزار 586 ووٹ کر کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ن لیگ کے چوہدری ضیاء الرحمان 57 ہزار 864 ووٹ کر کر دوسرے نمبر پر رہے۔

بہاولنگر
پی پی 241 بہاولنگر کے تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ملک محمد مظفر خان 59 ہزار 956 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں اور مسلم لیگ ن کے امیدوار امان اللہ ستار 48 ہزار 47 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔

شیخوپورہ
پی پی 139 شیخوپورہ کے پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار 40 ہزار 829 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں اور پی ٹی آئی کے محمد ابو بکر 37 ہزار 712 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی پنجاب کی 4، خیبرپختونخوا اور سندھ کی 2 نشتوں پر آج ضمنی انتخابات ہوئے۔

Comments are closed.