وزیراعظم عمران خان آج شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ اجلاس میں شریک ہوں گے ، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان روسی صدر سے ملاقات کریں گے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سنگھائی تعاون تنظیم کا دو روزہ سربراہی اجلاس بشکیک میں ہو گا، وزیراعظم عمران خان آج اجلاس میں شریک ہوں گے. دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے پاکستان کے وزیراعظم اجلاس کے دو سیشنز میں گفتگو کریں گے. اجلاس میں بھارتی وزیراعظم مودی بھی شریک ہوں گے، اجلاس کے بعد سائیڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے ملاقات طے ہے، عمران خان اور مودی کے درمیان بھی غیر رسمی ملاقات کا امکان ہے تاہم ابھی تک ملاقات طے نہیںہے. اجلاس میں افغانستان کے معاملے پر بھی گفتگو کی جائے گی، اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت ،آبزرور ریاستیں اور انٹرنیشنل تنظیمیں شریک ہونگی۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 8 رکن ممالک، 4آبزرور ریاستیں اور 6 ڈائیلاگ پارٹنرز ہیں، رکن ممالک میں پاکستان ، چین، بھارت، قازقستان، کرغستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم کو 2001 میں چین، قازقستان، کرغزستان، روس اور تاجکستان نے شنگھائی میں قائم کیا تھا۔ بعد ازاں اس میں ازبکستان کو بھی شامل کر لیا گیا۔ پاکستان 2005 میں اس تنظیم کا مبصر بنا۔