پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں پارٹی قیادت میں تبدیلی کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان نے علی امین گنڈاپور اور جنید اکبر کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے بلایا، جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ حکام کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سندھ کی پارٹی قیادت میں تبدیلی کی ہدایت دی ہے، کراچی میں عالمگیر خان کو پی ٹی آئی کی اہم ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔ عالمگیر خان کو پارٹی کے معاملات میں نیا کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔اس کے علاوہ، عمران خان نے کنول شوذب اور عالیہ حمزہ کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ یہ فیصلہ پارٹی کے اندر تنظیمی تبدیلیوں کا حصہ ہے جس کے ذریعے پی ٹی آئی اپنی سیاسی حکمت عملی کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانا چاہتی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، یہ تبدیلیاں پی ٹی آئی کی تنظیمی سطح پر نیا جوش و جذبہ پیدا کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، تاکہ پارٹی سندھ میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے،تو وہیں بیرسٹر سیف سے پارٹی ترجمانی کا عہدہ بھی واپس لیا گیا ہے