سیلاب کے نقصانات سے بچنے کا واحد حل ڈیمز کی تعمیر ہے. عمران خان

0
30

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ سیلاب کے نقصات سے بچنے کا واحد حل ڈیموں کی تعمیر ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرین کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں جبکہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ 2010 کے سیلاب میں بھی اتنے نقصانات نہیں ہوئے جتنے حالیہ سیلاب میں ہوئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سیلاب کے نقصانات سے بچنے کا واحد حل چھوٹے اور بڑے ڈیموں کی تعمیر ہے۔ ٹانک زام ڈیم کی فیزیبلٹی کی گئی ہے اور ڈیم تعمیر کر کے ہم سیلاب کے نقصانات سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم تعمیر کر کے ہم بارشوں کے پانی کو قیمتی اثاثہ بنا سکتے ہیں۔

جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ سیلابی کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور خیبر پختون خوا میں وفاقی ادارے کچھ بھی نہیں کر رہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال میں انتظامیہ اور ریسکیو سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈی آئی خان میں اضافی ریسکیو عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔

محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے امدادی کاموں کے لیے ایک ارب روپے جاری کیے ہیں اور مزید دو ارب جاری کیے جارہے ہیں، صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، سیلاب میں پھنسے لوگوں کو خوراک اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قومی سانحہ ہے، تمام اداروں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، بدقسمتی سے صوبے میں وفاقی حکومت کے ادارے کچھ بھی نہیں کر رہے، ضرورت پڑنے پر صوبائی حکومت اپنا ترقیاتی بجٹ بھی سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب زدگان کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے، تمام سیلاب زدگان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، متاثرہ علاقوں میں جونہی پانی نکلے گا بحالی کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا، متاثرین سیلاب ہمارے اپنے لوگ اور ہمارے بہن بھائی ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

Leave a reply