چند ماہ میں پاکستان میں فٹبال کودرست سمت گامزن کردیں گے:چیئرمین ہارون ملک

0
39

لاہور:چند ماہ میں پاکستان فٹبال کو درست سمت میں گامزن کردیا، معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کے ساتھ اپنے مینڈیٹ کے مطابق شفاف انتخاب کیلئے بھی مثبت انداز میں پیش رفت کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے فٹبال ہاﺅس لاہور میں رکن شاہد نیاز کھوکھر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے بتایا کہ پاکستان فٹبال کی رونقیں لوٹ آئی ہیں، قومی ٹیمیں ایکشن میں نظر آنے لگی ہیں، الیکشن کیلئے بنیادی عمل ”پاکستان فٹبال کنیکٹ“ کیلئے کلبز اور اکیڈمیز سمیت 4 ہزار رجسٹریشن درخواستیں موصول ہوئیں،ان میں سے ایک ہزار 7 سو کو پورٹل تک رسائی دی جاچکی جبکہ ایک ہزار 74نے بھی ویب سائیٹ کا استعمال شروع کردیا ہے،ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سے کئی کلبز اور اکیڈمیز کو مشکل بھی پیش آئی،ان کو رہنمائی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،

15دسمبر تک رجسٹرڈ کلبز کو آئندہ سال پی ایف ایف الیکشن میں ووٹ کا حق حاصل ہوگا۔ ہارون ملک نے مزید بتایا کہ ساف چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کی آئندہ مصروفیت سعودی عرب میں ہونے والا 4ملکی ٹورنامٹ ہے،ساف کے تحت ویمنز فٹبال ڈیویلپمنٹ پروگرام میں شامل یہ ایونٹ11سے 19جنوری تک شیڈول کیا گیا ہے۔ انہوں نے قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ایگزیکٹو سمٹ میں شرکت کا بھی بتایا ،عالمی فٹبال برادری نے پاکستان میں فٹبال کی ٹریک پر واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے بہتر مستقبل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،فیفا کے اہم رکن ملکوں سے دوستانہ تعلقات کی فضا سے ملک میں کھیل کے فروغ کا سفر تیز تر کرنے میں مدد ملے گی۔
نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد نیاز کھوکھر نے بتایا کہ پاکستان میں فٹسال کے فروغ کیلئے بھی مسلسل سرگرم ہیں،حال ہی میں اے ایف سی کے نامزد ایرانی انسٹرکٹر ناصرصالح کی نگرانی میں مکمل ہونے والے کوچنگ کورس کے شرکاءنے فٹبال ہاﺅس میں انٹرنیشنل معیار کی تربیت حاصل کی جس کے کھیل پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔

دوسری طرف نیشنل چیلنج فٹبال کپ کا جنوری میں آغاز ہوگا،32ٹیمیں شریک ہوں گی،ڈیپارٹمنٹس کی منیجرز میٹنگ گزشتہ روز لاہور میں ہوئی،شرکاءنے پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال ہونے پر بڑی گرمجوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کہا کہ ملک میں فٹبال کے فروغ کیلئے ڈپیارٹمنٹس نے اہم کردار ادا کیا ہے، گزشتہ کئی دہائیوں میں اداروں سے قومی ٹیموں کیلئے نئی کھیپ میسر آتی رہی ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ بحال ہونے سے باصلاحیت کھلاڑی کو آگے آنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔ شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے رکن این سی شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ قومی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھولنے کے بعد ڈومیسٹک فٹبال کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں،مارچ 2021سے سلسلہ معطل ہونے کے بعد چیلنج کپ ملکی سطح پر کھیل کی بحالی کیلئے پہلا بڑا قدم ہوگا،ایونٹ کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ اس موقع پر منیجر کمپی ٹیشن قمر علی قریشی اور ہیڈ کوچ شہزاد انور نے تیکنیکی پہلوﺅں پر روشنی ڈالی جس سے شرکاءبہتر متاثر نظر آئے۔

 

Leave a reply