ایک ہفتے میں زرمبادلہ کےذخائر32 کروڑ 70 لاکھ ڈالرزمزید کم ہوگئے
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری ہونے والی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی مزید کمی ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 25 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران غیرملکی قرضوں کی ادائیگی سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کم ہوکر 7 ارب 49 کروڑ اور 87 لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 87 کروڑ 95 لاکھ ڈالرز کے ذخائر ہیں۔ جس کے بعد زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 13 ارب 37 کروڑ 82 لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔
ادھر اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ تیل، ایل این جی اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے ایل سیز کھولنے پر قطعی کوئی پابندی نہیں لگائی۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، خام تیل، ایل این جی اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولنے یا کنٹریکٹس پر بھی کوئی پابندی (زبانی یا کسی اور طرح) عائد نہیں کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی غلط اطلاعات منفی مقاصد کےتحت مارکیٹ میں غیریقینی کی صورت حال پیدا کرنےکےلیے پھیلائی جارہی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک تیل اور گیس (بشمول ایل این جی) کی مصنوعات کی درآمد کے حوالے سے بینکوں کے ذریعے زرمبادلہ کی ادائیگیوں کی پروسیسنگ کو تجارتی دستاویزات کی کنٹریکٹ میں درج میعاد کے مطابق بروقت یقینی بناتا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تیل کی درآمد کےلیےتمام ایل سیز،کنٹریکٹس کسی تاخیرکےبغیر انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ کے ذریعے اپنی مقررہ تاریخ پر پورے کیے جارہے ہیں، اسی وجہ سے ملک میں تیل کی درآمد ستمبر 2022ء اور اکتوبر 2022ء میں بالترتیب 1.48 ارب ڈالر اور 1.48 ارب ڈالر رہی۔
ویڈیو بنا کر ہراساں کرنے کے ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
ناکے پر کیوں نہیں رکے؟ پولیس اہلکار نے شہری پر گولیاں چلا دیں