بلوچستان سےایئرسیال کا افتتاح:وزیراعظم بلوچستان کوجدید سہولیات سےآراستہ کرنا چاہتےہیں:قاسم سوری

0
25

کوئٹہ :بلوچستان سے بھی ایئرسیال کا افتتاح:وزیراعظم عمران خان بلوچستان کوجدید سہولیات سے آراستہ کرنا چاہتےہیں اطلاعات کے مطابق پرائیویٹ ائیر کمپنی ایئر سیال نے کوئٹہ سے اسلام آباد اور کراچی کیلئے فلائیٹ آپریشن کا آغاز کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے سیال ایئر لائن کا باقاعدہ افتتاح پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ اور بعد ازاں کوئٹہ ایئرپورٹ پر کیا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ایئر سیال کی آزمائشی پرواز پر اسلام آباد سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے اسلام آباد کا سفر کیا

افتتاحی تقریبات کے موقع پر سی ای او سیال ایئر لائن آمین احسن، چیئرمین فضل جیلانی، وائس چیئرمین عمر مہر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جبکہ کوئٹہ ایئرپورٹ پر افتتاح کے موقع پر بلوچستان کی ممتاز سیاسی، قبائلی اور سماجی شخصیات ایم پی اے سید احسان شاہ ،صدر پاکستان تحریکِ انصاف بلوچستان ڈاکٹر منیر بلوچ، جنرل سیکرٹری باری بڑیچ، ڈپٹی اٹارنی جنرل نذر بلوچ، کیسکو بورڈ ممبر سردار خادم حسین وردگ، ممبر کیسکو بورڈ اختر مندوخیل، محمد آصف ترین، داؤد پانیزئی، سید ظہور آغا، فیصل دہوار، عالم کاکڑ، حاجی باچا آغا، ثناء اللہ آغا اور دیگر موجود تھے۔

افتتاحی تقریبات کے شرکاء نے سیال ائیر لائن پروازوں کی کوئٹہ سے افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اور سیال ایئر لائنز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ افتتاح کے موقع پر معزز مہمان خصوصی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کیک کاٹا۔ پرائیویٹ کمپنی ائیر سیال کی طرف سے ہفتہ میں چھ (06) پروازیں کوئٹہ سے اسلام آباد اور کراچی کیلئے چلائی جائیں گی۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری آزمائشی پرواز کے زریعے اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچے۔

افتتاحی تقریبات کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ایئر سیال فلائیٹ سروس کے آغاز کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کمپنی گوادر سے بھی جلد آپریشن شروع کرے گی، انھوں نے سیال ایئر لائن کے سی یو او، چیئرمین، وائس چیئرمین اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیال ایئر لائن کی پروازیں بلوچستان کی عوام کیلئے انمول تحفہ ہے جسے کافی محنت اور جدوجہد کے بعد عملی جامہ پہنایا گیا ہے، سیال ایئر لائن نے پہلے اپنا ائیرپورٹ بنایا اور جہاز خریدے۔ انھوں نے کہا کہ سیال ائیر لائن کے کوئٹہ میں افتتاح سے بلوچستان کے عوام کو بہتر اور جدید سہولیات میسر ہونگی اور یہ ایئر لائن سفری مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا جس سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے کہ بلوچستان کو ترقی کے سفر میں آگے لایا جائے پی ٹی آئی کی سیاست ملک اور قوم کی خدمت ہے۔ تقریب سے رکن بلوچستان اسمبلی سید احسان شاہ اور ائیر سیال کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا اور فلائیٹ سروس کے بارے میں بتایا۔

بعد ازاں سیال ایئر لائن کے سی ای او آمین احسن، چیئرمین فضل جیلانی، وائس چئیرمین عمر میر اور دیگر حکام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیال ایئرلائن کی اولین ترجیح سفر کے حوالے سے عوام کی خدمت اور بہتری کیلئے خدمات سرانجام دینا ہے کوئٹہ میں سیال ایئرلائن کی افتتاح کا سہرا ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کو جاتا ہے کہ جنہوں نے متواتر بنیادوں پر اس حوالے سے مرکزی اور صوبائی حوالے سے اس افتتاح کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آج کوئٹہ میں اس افتتاح کے موقع پر ہم یہ محسوس کر رہے ہیں کہ جیسے ہم اپنے گھر میں موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سمیت تمام مہمان گرامی اور اہل بلوچستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اس امید کے ساتھ کہ سیال ایئر لائن آنے والے مستقبل میں عوامی توقعات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

Leave a reply