کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 80 روپے تک اضافہ، مرغی اور انڈے بھی مہنگے
ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 80 روپے تک اضافہ، مرغی اور انڈے بھی مہنگے
تفصیل کے مطابق ملک بھر میں عوام کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا لگا ہے، کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 20 سے 80 روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی نے مارکیٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ برانڈڈ گھی کی قیمت 370 روپے فی کلو سے بڑھ کر 450 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مختلف اقسام کے کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اب کوکنگ آئل 440 روپے سے بڑھ کر 530 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ میں صرف گھی اور آئل ہی نہیں بلکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مرغی کا گوشت 533 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ انڈوں کی قیمتیں بھی مزید بڑھ چکی ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں 300 ڈالرز فی ٹن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پام آئل کی فی ٹن قیمت 1200 ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں کے اضافے کا براہِ راست اثر مقامی منڈیوں پر پڑا ہے، جس کی وجہ سے کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مہنگائی کے اس نئے طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گھی اور کوکنگ آئل جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف متوسط طبقے بلکہ کم آمدنی والے خاندانوں کا بجٹ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔ عوام نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے اور مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔