بھارت میں ایک اور 26/11 طرز کے حملے کا الرٹ جاری کر دیا گیا، بھارتی نیوی کو سمندری نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے راستے سے بھارتی ریاست تامل ناڈو میں حملے کا خطرہ ہے، بھارتی اداروں کی جانب سے حملے کا الرٹ جاری ہونے کے بعد سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے، تامل ناڈو میں بھارت کے دفاعی ترجمان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بھارت کے سمندروں کی سیکورٹی سخت کی گئی ہے.
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے تامل ناڈو سے چھ لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے ور وہ مبینہ حملہ آوروں سے رابطے میں ہیں جو تامل ناڈو میں حملہ کرنا چاہتے ہیں، گرفتار شدگان کو نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جن سے بھارتی تحقیقاتی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں.
ایک اور ممبئی طرز کے حملے کے الرٹ جاری ہونے کے بعد تامل ناڈو میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے، ہمسایہ ریاستوں سے آنے والی تمام سڑکوں پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے. ریلوے سٹیشنوں ، بس اڈوں اور ائر پورٹ پر بھی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے، تامل ناڈو میں بھارتی کمانڈوز نے حملے کا الرٹ جاری ہونے کے بعد فلیگ مارچ بھی کیا،
تامل ناڈو میں پولیس نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حملے کے الرٹ کے بعد گرجا گھروں اور مندروں کی سیکورٹی کے لئے بھارتی فوج تعینات کر دی گئی ہے، مندر اور گرجا گھر حملہ آوروں کا آسان ہدف ہو سکتے ہیں، تامل ناڈوسرحد، خاص طورپر پلکڑ، تریشوراورانارکلم اضلاع میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔