بھارت اور چین کے مابین جاری سرحدی کشیدگی کے باوجودکاروبار جاری

0
24

بھارت اور چین کے مابین جاری سرحدی کشیدگی کے باوجود انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کووڈ 19 کی تشخیص کے لیے چینی کمپنی سے جانچ کٹ خریدی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف  سے اس جانچ کٹ کے لیے آرڈر حاصل کرنے والوں کی فہرست میں چینی کمپنی واحد غیرملکی کمپنی ہے جب کہ بھارت نے چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہی کٹ بھارت میں بھی بنائی جارہی ہے۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کووڈ 19جانچ کےلیے ایچ ایل ایل انفرا ٹیک سروسز لمٹیڈ کے ذریعے 8 مئی 2020 کو ایک ٹینڈر جاری کیا تھا۔ اس ٹینڈر کے نتائج کا اعلان 8 جون 2020 کو ہوا تھا۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے چینی کمپنی M/s Zybio. Inc سے 13.35 کروڑ روپے کی قیمت کے 13.10 لاکھ آراین اے ایکسٹریکشن کٹ خریدنے کا آرڈر دیا ہے۔ ایچ ایل ایل کی جانب سے جاری خریداری کے آرڈر کے مطابق ایک کٹ کی قیمت جی ایس ٹی کو ملاکر 101.92 روپے ہے جب کہ بھارت میں تیار ہونے والی کٹ پر80روپے کی لاگت آتی ہے۔ان کٹس کو ہندوستان  لانے کی ذمہ داری میڈیکل آلات  کی امپورٹر کمپنی لکھنؤ میں واقع  پی اوسی ٹی سروسز پرائیویٹ لمٹیڈ کو دی گئی ہے۔کمپنی کو جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ کل پانچ مرحلوں میں ان کٹس کی فراہمی  کی جائےگی۔ دریں اثنا بھارتی وزارت صحت چینی کمپنی کو آرڈر دئے جانے کی تحقیقات کررہی ہے۔

Leave a reply