ہندوستان کا ایران اور روس کے ساتھ روپے میں تجارت کا فیصلہ

0
29

نئی دہلی :ہندوستان کا ایران اور روس کے ساتھ روپے میں تجارت کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق حکومت ہندوستان نے ایران اور روس کے ساتھ تجارت میں قومی کرنسی کے استعمال کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی اقتصادی پابندیوں کے شکار ایران اور روس جیسے ملکوں کے ساتھ تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے روپے میں ادائیگی کا نظام استعمال کیا جائے گا۔

آر بی آئی کے بیان میں آیا ہے کہ یہ فیصلہ ہندوستانی برآمدات میں اضافے کی پالیسی اور عالمی تجارتی برادری میں روپے میں لین دین کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے برآمداتی اور درآمداتی ادائیگیوں کا نیا نظام تیار کیا جارہا ہے۔

ہندوستان کی، فروغ برآمدات کونسل کے سربراہ مہیش دیسائی نے مرکزی بینک کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ایران اورروس جیسے ملکوں کے ساتھ تجارت میں آسانیان پیدا ہوں گی جن پر امریکہ نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

ہندوستان کے ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کے اس فیصلے سے ڈالر اور یورو کے مقابلے میں ہندوستانی روپے کی گرتی قدر کو بھی سہارا ملے گا۔

Leave a reply