بھارتی جارحیت، فالس فلیگ آپریشنز اور پاکستان کا ڈوزیئر
تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
پاکستان نے بھارتی جارحیت، منظم جھوٹی پروپیگنڈا مہم اور فالس فلیگ آپریشنز کے ناقابل تردید ثبوت پیش کرتے ہوئے ایک جامع ڈوزیئر جاری کیا ہے۔ یہ ڈوزئر آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے دفاع کی تفصیلات پر مشتمل ہے۔ اس دستاویز نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستان کی فوجی صلاحیت، سفارتی حکمت عملی اور عالمی پوزیشن کو اجاگر کیا۔

22 اپریل 2025 کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے پہلگام میں ایک حملے میں 26 سیاح ہلاک ہوئے۔ بھارتی میڈیا نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کیا۔ ڈوزیئر کے مطابق یہ حملہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ریسرچ اینڈ انالسس ونگ (RAW) کا فالس فلیگ آپریشن تھا۔ ٹیلی گرام پر لیک ہونے والی دستاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت نے "سائیکولوجیکل آپریشنز اور بیانیہ کنٹرول” کے ذریعے حملے کو پاکستان کی انٹرسروسز انٹیلی جنس (ISI) پر ڈالنے کی منصوبہ بندی کی۔ بھارت نے حملے کے 10 منٹ کے اندر پاکستان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جو بغیر تحقیق کے کیا گیا۔ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی مگر بھارت نے مسترد کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا، بھارتی سیاستدانوں اور سول سوسائٹی نے بھارتی بیانیے کو مشکوک قرار دیا۔ بھارت نے حقائق دبانے کے لیے یوٹیوب اور ٹوئٹر چینلز پر پابندی لگائی، جو اس کے سیاسی مقاصد کو عیاں کرتا ہے۔

پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے 23 اپریل کو جارحانہ اقدامات اٹھائے، جن میں انڈس واٹر ٹریٹی کی معطلی، پاکستانی ویزوں کی منسوخی، واہگہ اٹاری بارڈر کی بندش، پاکستانی ہائی کمیشن کی بندش اور سفارتی عملے کی تعداد میں کمی شامل تھی۔ 7 مئی کو بھارت نے پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے چھ شہروں مریدکے، بہاولپور اور مظفرآباد پر میزائل حملے کیے، جن میں مساجد تباہ ہوئیں اور خواتین، بچوں سمیت درجنوں شہری شہید ہوئے۔ بھارت نے 100 سے زائد ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل کیے، جبکہ پاکستانی فضائی حدود میں 57 کمرشل پروازیں موجود تھیں، جس سے ہزاروں شہریوں کی جان خطرے میں پڑی۔

پاکستان نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں، جن میں تین رافیل جیٹس، ایک MiG-29 اور ایک SU-30 شامل تھے کو مار گرایا۔ 10 مئی کو بھارت کے پاکستانی ایئر بیسز پر حملوں کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا۔ یہ آپریشن اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت تھا۔ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات، جن میں میزائل اسٹوریج، ایئر بیسز اور اسٹریٹجک اہداف شامل تھے کو نشانہ بنایا۔ ڈوزئر کے مطابق پاکستان نے پانچ بھارتی طیاروں، 84 ڈرونز، S-400 بیٹری سسٹمز (آدم پور اور بھوج)، براہموس میزائل اسٹوریج (بیاس اور ناگروٹہ)، فیلڈ سپلائی ڈپو (اُڑی)، ریڈار اسٹیشن (پونچھ) اور فوجی کمانڈ ہیڈکوارٹرز (10 اور 80 بریگیڈ) کو تباہ کیا۔ پاکستان نے فتح سیریز کے F1 اور F2 میزائلوں، درست ہتھیاروں اور آرٹلری کا استعمال کیا، صرف فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے شہری علاقوں کو محفوظ رکھا۔

ڈوزیئر میں سیٹلائٹ تصاویر، فیلڈ انٹیلی جنس اور بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس شامل ہیں، جو بھارتی میڈیا اور RAW سے منسلک سوشل میڈیا کی جھوٹی مہم کو بے نقاب کرتی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے پہلگام واقعے کے بعد جنگی ماحول بنایا، جسے بین الاقوامی میڈیا نے جھوٹا قرار دیا۔ بھارتی سول سوسائٹی نے اسے سیکیورٹی ناکامی قرار دیا۔ بھارت کی فوری الزام تراشی اس کے دعوؤں کی ساکھ کو مشکوک بناتی ہے۔ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی جو بھارت کے مقاصد کو بے نقاب کرتی ہے۔

بھارت کا فالس فلیگ آپریشنز کا تاریخی پس منظر ہے، جیسے 1971 کی مشرقی پاکستان مداخلت، 1999 کا کارگل تنازعہ اور 2016-2019 کی نام نہاد سرجیکل سٹرائیکس۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری نے بھارت کی تخریبی سرگرمیوں کو عیاں کیا۔ ڈوزئر میں بتایا گیا کہ بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، جس کے ثبوت پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے پیش کیے۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان گذشتہ کئی دنوں سے جاری کشیدگی کے بعد 10 مئی 2025 کی شام کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں سے جنگ بندی کا اعلان ہوا، جس کی تصدیق پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کی۔ سفارتی ماہرین کے مطابق ڈوزئر نے پاکستان کی عالمی پوزیشن کو مضبوط کیا۔ عالمی میڈیا نے بھارتی بیانیے کی خامیوں کو اجاگر کیا اور بھارتی میڈیا کے جنگی جنون کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو جارحیت، شہریوں پر حملوں اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ وہ امن کا حامی ہے لیکن اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرے گا۔ اس کی ردعمل بین الاقوامی قوانین کے مطابق تھا جو اس کی پیشہ ورانہ فوجی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کی اس تاریخی فتح نے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا اور عالمی برادری کو پیغام دیا کہ وہ امن کا خواہاں ہے مگر کوئی جارحیت برداشت نہیں کرے گا۔

پاکستان زندہ باد
پاک افواج پائندہ باد

Shares: