بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے، جنرل بابرافتخار

0
22

اسلام آباد :بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے،اطلاعات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہائیوں سےجاری بھارتی مظالم، کشمیریوں کے ناقابل تسخیر جذبے اور جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل افتخار بابر یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے جاری پیغام میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی جانب سے شہدائے کشمیر کو زبردست سلام عقیدت اور کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

میجر جنرل افتخار بابر کا کہنا تھا کہ یوم شہدائے کشمیر، آزادی کیلئے بہادر کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، شہدا کے لہو کا ایک ایک قطرہ نہ فراموش کیا جائے گا نہ ہی معاف کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم، ناقابل تسخیرجذبے، جدوجہد آزادی کو دبانےمیں ناکام رہے، انشااللہ کامیابی کشمیریوں کا مقدر ہے۔خیال رہے کہ یوم شہدائے کشمیر ہر سال 13 جولائی کو منایا جاتا ہے۔

آج سے 89 سال قبل برطانوی اور ڈوگرا سامراج کی باہمی مسلم دشمن نفرت انگیز ملی بھگت سے جموں و کشمیرمیں ابھرنے والی ‘اولین تحریکِ آزادی’ کو دبایا اور کشمیر کے جانثاروں پراندھا دھند فائرنگ کرکے22 کشمیری نوجوانوں کو موقع پر ہی شہید کردیا گیا۔

تیرہ جولائی 1931 کو سینٹرل جیل کشمیر میں کشمیری قوم کے مرد مجاہد عبدالقدیر خان پر قائم کردہ مقدمے کی سماعت ہونا تھی، اس موقع پر ملزم سے اخوت اور یکجہتی کے مظاہرے کے لیے ہزاروں افراد جیل کے احاطے کے باہر جمع ہوگئی اس دوران نماز ظہر کا وقت آگیا مگر مظاہرین کو نماز ادا کرنے کی اجازت نہ ملی، ایسے میں ایک شخص اذان دینے کے لئے کھڑا ہوگیا مگر ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہی نے اس شخص کو گولی مار کے شہید کر دیا۔

اس کے بعد دوسرا مرد مجاہد اذان کے لئے کھڑا ہوا، اسے بھی گولی مار کر شہید کردیا گیا، پھر تیسرا ، چوتھا اور کرتے کرتے اذان کی تکمیل تک 22 بے گناہ مسلمانوں کو مہاراجہ کے سپاہیوں نے شہید کر دیا جبکہ بے شمار مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا۔

Leave a reply