لاہور(خالدمحمودخالد) پاکستان میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی یاترا کے لئے بھارت سے آنے والے جتھے میں شامل سکھ خاتون سربجیت کور نے اسلام قبول کرکے ایک پاکستانی شہری سے شادی کرلی ہے۔ ان کا اسلامی نام نور رکھا گیا ہے۔ نکاح نامے کے مطابق 48 سالہ سربجیت کور نے 5 نومبر کو ضلع شیخوپورہ کے فاروق آباد کے رہائشی پاکستانی شہری مقامی حجام ناصر حسین سے نکاح کیا۔ نکاح میں دس ہزار روپے حق مہر درج ہے جو ادا کیا جا چکا ہے۔ سربجیت کور 4 نومبر کو بھارتی یاتریوں کے ساتھ پاکستان آئی تھیں لیکن 13 نومبر کو بھارت واپس جانے والے یاتریوں میں شامل نہیں تھیں جب کہ اسی روز ان کا ویزہ بھی ختم ہوگیا تھا۔ اسی بنا پر انہیں لاپتہ قرار دے کر ان تلاش شروع کی گئی۔ گزشتہ روز ان کا نکاح نامہ منظرعام پر آگیا۔ یاترا کے دوران وہ ننکانہ صاحب، حسن ابدال، لاہور اور دیگر شہروں میں گروپ سے الگ ہوکر باہر بھی نکلتی رہیں اور بظاہر اسی دوران انہوں نے اپنی مرضی سے گروپ چھوڑ کر نکاح کرلیا۔ نکاح نامے میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ مطلقہ ہیں اور بھارت میں ان کے دو لڑکے بھی ہیں۔ ان کی اپنے سابقہ شوہر کلونت سنگھ سے علیحدگی ہو چکی ہے جب کہ وہ گزشتہ پندرہ سال سے برطانیہ میں مقیم ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون پر بھارت میں مختلف الزامات کے تحت تین مقدمات بھی درج ہیں جب کہ اس کے بیٹوں کے خلاف دس مقدمات درج ہیں۔

- Home
- بین الاقوامی
- لاپتہ بھارتی سکھ خاتون یاتری نے پاکستانی شہری سے نکاح کرلیا
لاپتہ بھارتی سکھ خاتون یاتری نے پاکستانی شہری سے نکاح کرلیا
Khalid Mehmood Khalid1 گھنٹہ قبل







