افغانستان کو 66رنز سے شکست دے کر بھارت کی ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح

0
52

دبئی :افغانستان کو 66رنز سے شکست دے کر بھارت کی ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح ،اطلاعات کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں بھارت نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 66 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

بھارت کے 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، کریم جنت 42 اور کپتان محمد نبی 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز امیں بیٹنگ کی اور ابتدائی 10اوورز میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔

روہت شرما اور لوکیش راہل نے پاور پلے میں عمدہ کھیل پیش کیا اور 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کرتے ہوئے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔

روہت شرما نے فارم میں واپس آتے ہوئے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جبکہ لوکیش راہل نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی اسکور کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد روہت شرما کور میں کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے تاہم آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 74رنز بنائے۔

لوکیش راہل نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چوکوں سے مزین 69 رنز کی اننگز کھیلی لیکن گلبدین نے ان کی وکٹیں بکھیر کر افغانستان کو دوسری کامیابی دلا دی۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود پانڈیا اور پنت نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اختتامی اوورز میں چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے جو اب تک اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

دونوں نے کھلاڑیوں نے 21 گیندوں پر 63 رنز کی ساجھے داری قائم کی، پانڈیا نے 13 گیندوں پر 35 جبکہ پنت نے 13 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

افغانستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اسکور ابھی 13 تک ہی پہنچا تھا کہ بھارت کو پہلی کامیابی مل گئی اور شامی نے محمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں حضرت اللہ زازئی کیچ ہو گئے۔

رحمٰن اللہ گرباز نے دو چھکوں کی مدد سے 19رنز بنائے لیکن رویندرا جدیجا نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 59 کے مجموعے پر گلبدین نائب بھی 18رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

نجیب اللہ زدران بھی صرف 11 رنز بنا سکے اور ایشون نے انہیں آؤٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کر لی۔

پانچ وکٹین گرنے کے بعد محمد نبی کا ساتھ دینے کریم جنت آئے اور دونوں نے 47رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، نبی 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ راشد خان کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

افغانستان: محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ، شرف الدین اشرف، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، حامد حسن۔

بھارت: ویرات کوہلی(کپتان)،روہت شرما، لوکیش راہل، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، شردُل ٹھاکر، روی چندرن ایشون، محمد شامی، جسپریت بمراہ ۔

Leave a reply