دریائے سندھ اور دریائے چناب کے کٹاؤ نے مظفر گڑھ اور لیہ میں تباہی مچا دی

مظفرگڑھ: دریائے سندھ اور چناب کے آبی حملے جاری ، ضلع لیہ اور ضلع مظفر گڑھ کی چاروں تحصیلوں کوٹ ادو، علی پور، جتوئی اور مظفر گڑھ میں دریائے سندھ اور دریائے چناب کے کٹاؤ نے تباہی مچادی ہے۔

ذرائع کے مطابق کئی سالوں سے دریائی کٹاؤ کے باعث ابتک ضلع کی ہزاروں ایکڑ اراضی دریابردہوچکی ہے۔ ضلع لیہ کے علاقوں نشیب، بیٹ سُمرا، کوٹ سلطان، جمن شاہ ، واڑہ سیہڑاں، اور نشیب کے کئی علاقوں میں دریائے سندھ میں کٹاؤ کی وجہ سے قابل کاشت زمینیں اور آبادیاں دریا برد ہورہی ہیں۔

تحصیل مظفرگڑھ کے علاقوں بیٹ دریائی،موضع جڑھ سمیت کئی بستیاں دریا برد ہوئی ہیں۔اسی طرح تحصیل کوٹ ادو میں احسان پور،بیٹ خادم والی سمیت مختلف بستیوں میں بدترین دریائی کٹاؤ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی آبادیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ تحصیل جتوئی میں لنڈی پتافی،موضع رام پور سمیت ملحقہ بستیوں کی سینکڑوں ایکڑ اراضی دریائے سندھ کی نذر ہوگئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ مظفر گڑھ کے مطابق تحصیل علی پور میں قصبہ سیت پور اورکندائی سمیت مختلف بستیاں اور ہزاروں ایکڑ اراضی اراضی دریا برد ہوگئی ہے۔ دریائی کٹاؤ کے باعث کپاس،چاول اور دیگر فصلیں بھی برباد ہوگئیں۔

دوسری طرف محکمہ انہار کے حکام کا کہنا ہے کہ سپربندوں اور مختلف ذرائع سے دریائی کٹاؤ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ محکمہ آبپاشی کا کہنا ہےکہ دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی آمد323065جبکہ پانی کا اخراج 311936 کیوسک ریکارڈ کی کیا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 282282 کیوسک جبکہ پانی کا اخراج 260582 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ تونسہ بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

Comments are closed.