اناللہ وانا الیہ راجعون،ڈاکٹر محمد اجمل خان نیازی چل بسے

0
36

پاکستان کے سینئر صحافی و کالم نگار تجزیہ نگار ، ورلڈ کالمسٹ کلب کے سرپرست حکومتِ پاکستان سے ستارہ امتیاز کے حامل اور ام نصرت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اجمل خان نیازی وفات پا گئے

ڈاکٹر اجمل نیازی کافی عرصے سے علیل تھے اور مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے، انکی عمر 74 برس تھی، ڈاکٹر اجمل نیازی کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد وحدت کالونی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، نماز جنازہ میں صحافی برادری بڑی تعداد میں شریک ہو گی

ڈاکٹر اجمل نیازی 16 ستمبر 1947ء کو موسیٰٰ خیل ضلع میانوالی میں پیدا ہوئے انہوں نے ابتدائی طور پرگورڈن کالج راولپنڈی کے شعبہ اردو میں بطور لیکچرار تدریسی خدمات سرانجام دیں جبکہ لاہور کےگورنمنٹ کالج اور ایف سی کالج کے ساتھ میانوالی میں بھی تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے ڈاکٹراجمل نیازی نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز گورنمنٹ کالج لاہورکے میگزین راوی سے بطور ایڈیٹر کیا جبکہ ماہنامہ ’پطرس‘ کے بھی ایڈیٹر رہے،وہ طویل مدت تک ’بے نیازیاں ‘ کے نام سے معروف قومی اخبار نوائے وقت میں کالم بھی لکھتے رہے

بہترین کالم نگاری پر سابق صدر آصف علی زرداری نے انہوں ستارہ امتیاز سے نوازا۔ دو سال قبل باتھ روم میں گرنے سے ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی ،جس کے بعد وہ مسلسل علیل تھے انہوں نے اپنے پسماندگان میں بیوہ رفعت نیازی ، دو بیٹے حسان خان نیازی، سلمان خان نیازی جبکہ ایک بیٹی تقدیس نیازی چھوڑی ہے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے معروف کالم نگاراجمل خان نیازی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالی مرحوم اجمل خان نیازی کے درجات بلند فرمائے۔ جنت میں اعلی مقام عطا کرے۔اجمل خان نیازی ایک دانشور اور تعلیم دوست انسان تھے کالم نگاری میں اجمل خان نیازی کا انداز یگانہ تھا اللہ تعالی لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے

وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسّان خاور نے معروف کالم نگار اجمل نیازی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ، حسُان خاور نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، حسان خاور کا کہنا تھا کہ اجمل نیازی مرحوم بہترین انشا پرداز اور صاحب طرز کالم نگار تھے۔ اجمل نیازی کی تعلیم کے شعبے اور کالم نویسی میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے معروف کالم نویس، شاعر و دانشور اجمل نیازی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا فیاض الحسن چوہان نے سوگواران سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اجمل نیازی مرحوم کالم نگاری میں جداگانہ انداز رکھتے تھے۔صحافت کے لیے اجمل نیازی مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا.

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ممتاز دانشور، کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال اظہار افسوس کیا ہے ،حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اجمل نیازی صاحب کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ مرحوم نہ صرف ایک جید کالم نگار تھے بلکہ مصنف اور مدبر کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔ان کی وفات سے پاکستان کے ادبی حلقوں میں ایک نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ مرحوم سب سے بڑھ کر ایک ملنسار اور درد مند انسان تھے ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔ دعاگو ہوں کہ اللہ تعالٰی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔آمین ۔ اللہ مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل بھی عطا فرمائے ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Leave a reply