انسانی بقا و ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کیا ہے؟ وفاقی وزیر نے بتا دیا

0
30

ساہیوال ،وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی انسانی بقا اور ترقی میں سب سے بڑی hرکاوٹ بن چکی ہے جس سے بے وقت بارشیں ہو رہی ہیں اور موسموں کی شدت میں اضافہ ہو رہاہے -جس سے نا صرف فصلوں کی پیداوا رمتاثر ہو رہی ہے بلکہ انسان مختلف بیماریوں کا بھی شکار ہو رہے ہیں -ضرورت اس امر کی ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے کی سنگینی کو سمجھا جائے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں –

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بلین ٹری منصوبہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس میں عام شہریوں کی شرکت انتہائی ضروری ہے -انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں کہی جس میں ساہیوال ڈویژ ن میں ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا -اجلاس میں کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ،سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور خان،سابق تحصیل ناظم پنڈی گھیب ضلع اٹک ملک خرم علی خان،ڈپٹی کمشنرز بابر بشیر،عامر عقیق اور احمد کمال مان،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محبوب احمد،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان،ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد اور چیف میٹرو پولیٹن آفیسر فرمائش علی خان سمیت دوسرے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی –

انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی دور کرنے کیلئے ضروری ہے کہ عام آدمی کو بھی آگہی فراہم کی جائے او سول سوسائٹی کو شامل کیا جائے تا کہ مسئلے کو مستقبل بنیادوں پر حل کیا جا سکے -اجلاس میں کمشنر نادر چٹھہ نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے ساہیوال شہر کے لئے 12ارب روپے کا سٹی ایمپرومنٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت شہر کی تمام سیوریج اور واٹر سپلائی لائنیں تبدیلی کی جائیں گی جبکہ مزید ٹیوب ویل،واٹر فلٹریشن پلانٹس اور اوور ہیڈ واٹر ریزو وائرز بھی تعمیر کئے جائیں گے تا کہ شہر کی ضروریات پوری ہو سکیں –

اس کے علاوہ ویسٹ واٹر کو ری سائیکل کرنے کے لئے دو ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی لگائے جائیں گے -اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان نے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت ساہیوال میں ہونے والی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ مہم کے دوران 30واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کرائی گئی،شہر کی تمام سیور لائنوں کی صفائی کرائی گئی،پینے کے پانی کی کوالٹی ٹیسٹنگ کی گئی،29پارکس بہتر بنائے گئے اور شہر کے تمام 56سرکاری سکولوں میں 90ہزار پودے لگائے گئے جبکہ بلین ٹری منصوبے کے تحت ڈویژن بھر میں 32لاکھ85ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں جن کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیاہے –

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کلین اینڈ گرین مہم کی کامیاب تکمیل پر تینوں اضلاع کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ساہیوال میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا جہاں بلدیاتی اداروں کے صفائی سے متعلقہ ملازمین کو تربیت فراہم کی جائے گی -انہوں نے کہا کہ ساہیوال ایک گرین اور صاف ستھرا شہر ہے جسے مزید بہتر بنانے کے لئے بھر پور کوششیں جاری رکھی جائیں جس کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت بھر پور تعاون فراہم کرے گی

-انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پورٹل پر 45فیصد شکایات میونسپل سروسز کی ناقص فراہمی سے متعلق ہیں اس لئے ضروری ہے کہ صفائی،سیوریج او رپینے کی پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے -بعد ازاں وفاقی وزیر نے زیر تعمیر ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کاد ورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا -کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ نے بتایا کہ پلانٹ کی تعمیر دو ماہ میں مکمل کر لی جائے گی جس سے شہر کے ویسٹ کو جدید بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جاسکے گا -قبل ازیں انہوں نے کمشنر آفس میں فائیکس کا پودا بھی لگایا –

Leave a reply