انسٹاگرام پر مقبول ترین پرندہ

حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ سوال کیا گیا ہے کہ کون سے پرندوں کی تصاویر بہترین ہوتی ہیں اور اس کی وجہ کیا ہے؟-

باغی ٹی وی : تحقیق کے مطابق اُلو کے ایک دور کے رشتہ دار فراگ ماؤتھ کی تصاویر باقی پرندوں کی نسبت انسٹاگرام پر زیادہ مقبول ہوتی ہےفراگ ماؤتھ (یعنی مینڈک کی شکل کا پرندہ) عموماً برصغیر کے حصوں میں پایا جاتا ہے اور لوگ اسے اُلو ہی سمجھتے ہیں۔

انسٹاگرام پر جانوروں کی فوٹوگرافی کے لاکھوں مداحوں نے اس فراگ ماؤتھ کی تصاویر کو پسند کیا ہے اس سے محققین بھی حیران ہیں تاہم اس تحقیق کے نتائج کو محققین نے ’ستم ظریفی‘ قرار دیا کیونکہ اس نسل کے شب بیدار پرندوں کو اکثر بدصورت سمجھا جاتا ہے۔

جرمنی میں یونیورسٹی آف کونسٹانز کی سائیکالوجسٹ اور تحقیق کی سربراہ کیٹجا تھومس کہتی ہیں کہ اپنے چہرے کی خصوصیات کی بنا پر یہ (اُلو) کسی اور پرندے جیسا نہیں دکھتا۔

فراگ ماؤتھ کافی نایاب ہوتے ہیں ہماری 20 ہزار تصاویر کے ڈیٹا بیس میں اس کی صرف 65 تصاویر سامنے آئیں۔ مجھے لگتا ہے کہ شاید پرندوں میں دلچسپی لینے والے افراد اس کے ہر دیدار پر ڈھیروں لائیکس دیتے ہیں۔

ڈاکٹر تھومس خود بھی ایک فوٹوگرافر ہی ہیں انھوں نے اس حوالے سے تحقیق کی ہے کہ بہترین تصاویر کی کیا خصوصیات ہوتی ہیں- انھوں نے ہر نسل کے پرندے کی تصاویر پر ملنے والے لائیکس کی مدد سے ان کی درجہ بندی کی ہے جس سے انھیں معلوم ہوا ہے کہ رنگ برنگے بال و پر والے پرندوں کی درجہ بندی بہتر رہی۔

سائیکالوجی سے متعلق جریدے آئی پرسیپشن میں وہ اپنی تحقیق میں لکھتی ہیں کہ ’ٹراکو اور ہد ہد کے سر پر تاج نما بال ہوتے ہیں اس لیے انھیں زیادہ لائیکس ملتے ہیں۔

اب تک گہرے نیلے رنگ کے پرندے سب سے پُرکشش مانے گئے ہیں۔ دیگر تحقیقات کی طرح اس تحقیق میں بھی کہا گیا ہے کہ سیاحت سے متعلق تصاویر میں لوگ ان سے متاثر ہوتے ہیں۔

جبکہ سمندری پرندوں کو اس تحقیق میں زیادہ پُرکشش نہیں سمجھا گیا فہرست کے آخری حصے میں ’کم پُرکشش پرندوں‘ کا شمار کیا گیا جن میں سینڈ پائپر چڑیا، اویسٹر کیچر، بگلے اور گدھ شامل ہیں۔

تاہم سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز یافتہ وائلڈ لائف فوٹوگرافر گریم پردی کے مطابق جو تصاویر زیادہ شیئر یا لائیک کی جائیں ان سے مراد یہ نہیں کہ پرندے اتنے ہی خوبصورت بھی ہیں ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی پُرکشش یا پیاری چیز انسانی فطرت کو متاثر کرتی ہے، جیسے بڑی آنکھیں۔

گریم کے مطابق انسٹاگرام پر لوگ بڑی بلیاں (یعنی شیر) اور ہاتھی پسند کرتے ہیں مگر بعض اوقات مجھے کسی نیولے کی تصویر بہت اچھی لگتی ہے لیکن اس پر کوئی لائیک نہیں آتا اس لیے خوبصورت اور مقبول تصاویر کو یکساں نہیں سمجھا جاسکتا۔

اس رائے سے انسٹاگرام کے اعداد و شمار بھی اتفاق رکھتے ہیں انسٹاگرام پر سب سے مقبول وائلڈ لائف فوٹوگرافر کے 69 لاکھ فالوورز ہیں۔ جبکہ ایک خوبصورت پومیریئن کتے (جس کا نام جِف پوم ہے) کو ایک کروڑ سے زیادہ لوگ فالو کرتے ہیں۔

وائلڈ لائف فوٹوگرافی، خاص کر پیارے جانوروں کی تصاویر، کی مدد سے لوگ تلخ حقیقتوں سے دھیان بٹا پاتے ہیں۔

انسٹاگرام پر اب ایسے کئی وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے اکاؤنٹ ہیں جو جانوروں اور پرندوں سے متعلق لوگوں کی آگاہی بڑھاتے ہیں۔ گذشتہ سال دی ایکالوجی پروجیکٹ نامی ادارے نے ان فوٹوگرافرز کی فہرست جاری کی تھی جو اپنی تصاویر کی مدد سے ’سماج میں مثبت سوچ کو فروغ‘ دیتے ہیں۔

ڈاکٹر تھومس کے مطابق صرف وائلڈ لائف کی تصاویر دیکھ کر لوگوں پر کافی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، خاص کر اِن وقتوں میں۔

Leave a reply