انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی میچ کے دوران فائرنگ سے ہلاک

0
68

نئی دہلی :انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی میچ کے دوران فائرنگ سے ہلاک ،اطلاعات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی سندیپ ننگل کو میچ کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی سطح کے کبڈی کھلاڑی پر فائرنگ کا واقعہ جالندھر کے ملیاں گاوں میں چل رہے ایک کبڈی کپ کے دوران پیش آیا۔حملہ آوروں کی بندوق سے نکلی بیس گولیاں سندیپ کے سر اور سینے میں لگیں۔

کبڈی میچ کے دوران فائرنگ شروع ہوئی تو تماشیوں نے اپنی جان بچانے کےلیے دوڑ لگادی جب کہ سندیپ ننگل شدید زخمی حالت میں وہیں گرگئے۔لوگوں نے سندیپ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سندیپ نے ایک دہائی تک کبڈی کی دنیا پر راج کیا ہے، وہ پنجاب کے علاوہ وہ کنیڈا، امریکا اور برطانیہ میں بھی کھیل چکے تھے، مداح انہیں گلیڈیئیٹر کے نام جانتے تھے۔

ادھر چند دن پہلے پاکستان میں فیصل آباد میں پاکستان کبڈی ٹیم کے کھلاڑی ملک بنیامین کی دعوت ولیمہ میں شرکت کرنے والا مہمان فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

یہ واقعہ فیصل آباد کے نواحی گاؤں چک نمبر 102 رب بڈھے چک میں پیش آیا جہاں ملک بنیامین کے ولیمے کی تقریب ہورہی تھی جس میں جشن مناتے ہوئے شدید فائرنگ کی گئی جس کی زد میں ایک نوجوان علی شدید زخمی ہوگیا۔

علی کے ساتھی اسے زخمی حالت میں لاہور لے گئے لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او کھڑیانوالہ محسن منیر نے کہا ہے کہ کھڑیانوالہ پولیس لاش لینے لاہور جا رہی ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم کرو ا کر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹے بعد ہمیں واقعہ کا علم ہوا اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ علی اپنی ہی گولی لگنے سے ہلاک ہوا ہے۔

Leave a reply