پولیس کے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیےتعلیمی شعبے کی شمولیت ایک بڑی ترجیح!

0
21

ایچ ای سی اور نیشنل پولیس بیورو کا پولیس اصلاحات میں تعلیمی شعبے کا کردار بڑھانے پر اتفاق

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور نیشنل پولیس بیورو نے پولیس اور ملک کے اعلٰی تعلیمی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے اور متعلقہ تحقیق کے ذریعے پولیس میں اصلاحات کے حوالے سے معنی خیر رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تعلیمی شعبے کے مؤثر کردار کی حوصلہ افزائی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس ضمن میں ایچ ای سی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو، وزارت داخلہ، ڈاکٹر سید اعجاز حسین نے ایک دستاویز پر دستخط کیے۔

پولیس کے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی عزم کے مطابق پولیس اصلاحات اور پالیسی ساز فیصلوں میں تعلیمی شعبے کی شمولیت ایک بڑی ترجیح کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اس معاہداتی دستاویز کے ذریعے ایچ ای سی اور نیشنل پولیس بیورو محققین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تحقیقی منصوبوں کے لیے تعاون کو فروغ دیں گے تاکہ تعلیمی اداروں کی تحقیقی استعداد کو بڑھایا جاسکے اور محتاط تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے اصل مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔

اس تعاون کے تحت جامعات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ نیشنل پولیس بیورو کے ساتھ مل کر مشترکہ ورکشاپس، سیمینارز، گروپ ڈسکشنز،اور مقابلہ جات کے انعقاد کے علاوہ طلباء کی کمیونٹی ورک میں شرکت کے لیے اقدامات اٹھا سکیں۔

ایچ ای سی انڈرگریجوایٹ طلباء کے لیے ترتیب دیے جانے والے لازمی جنرل ایجوکیشن کورسز میں عوامی تحفظ، عمومی پولیس قوانین، مجرمانہ کاروائیوں کی چارہ جوئی، اور بنیادی دستوری حقوق سے متعلق مواد شامل کرے گا۔

اسی طرح نیشنل پولیس بیورو طلباء کو جہاں اور جب ممکن ہو بغیر معاوضہ انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گا۔ بیورو رازداری کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی تحقیق کے لیے جرائم پر مبنی ڈاٹا بھی مہیا کرے گا۔

Leave a reply