یپاکستانی کی خوبرو اداکارہ اقرا عزیز کے گود بھرائی کی رسم پر پہنے 100 خصوصی پیغامات پر مشتمل دوپٹے کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں-
باغی ٹی وی : بہت جلد ننھے مہمان کی والدہ بننے والی اداکارہ اقرا عزیز کی گود بھرائی میں پہنے گئے دوپٹے پر 100 خصوصی پیغامات درج تھے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں –
اداکارہ کے دوپٹے کو تیار کرنے والے ڈیزائنر حسین نے ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب اقرا اُن کے پاس اپنی گود بھرائی کے دوپٹے اور لباس کی ڈیزائننگ کے لیے آئیں تو اُنہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوئی کہ اقرا نے اپنی زندگی کے خاص موقع پر مغربی طرز کے بجائے ہماری روایتی تقریب ’گود بھرائی‘ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈیزائنر نے کہا کہ اقرا چاہتی تھیں کہ ہم اُن کے لیے کچھ ایسی چیز تیار کریں جو وہ اپنے بچے کو دے سکیں لہٰذا ہم نے اُن کے لیے خاص دوپٹہ تیار کرنے کا سوچا۔
حسین نے کہا کہ ہم نے اقرا سے کہا آپ ہمیں 100 خصوصی پیغامات دیں جو ہم اس دوپٹے پر لکھ سکیں اور پھر اداکارہ نے یاسر اور اُن کی والدہ کی مدد سے یہ کام پورا کیا۔
ڈیزائنرحسین نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے اقرا کے دوپٹے پر 100 مختلف پھولوں کے ساتھ وہ 100 دُعائیں اور پیغامات لکھے جو اُنہوں نے ہمیں دی تھیں۔
ڈیزائنر نے بتایا کہ اقرا کا کہنا تھا کہ اگر اُن کی بیٹی ہوئی تو وہ یہ دوپٹہ اپنی بیٹی کو دیں گی اور اگر بیٹا ہوا تو اپنی بہو کو یہ دوپٹہ دیں گی۔‘
اقرا کے دوپٹے پر لکھے گئے پیغامات میں سے چند یہ ہیں:
اچھے اخلاق سے بہتر کچھ نہیں ، علم سب سے بڑی دولت ہے،لوگوں کے ساتھ بھلائی کروگے تو لوگ بھی تمہارے ساتھ بھلائی کریں گے
اللّہ تعالیٰ سے اپنی بھلائی کی دُعا کرو، کسی سے لڑائی نہ کرو، کمان سے نکلا تیر اور منہ سے نکلے ہوئے الفاظ کبھی واپس نہیں جاتے-
خیال رہے کہ گزشتہ روز اقرا عزیز کی گود بھرائی کی رسم کی گئی تھی جس کی تصاویر اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔
اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے لکھا تھا کہ ’اُن کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔‘
اُنہوں نے اس خوشی کے موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’الحمداللّٰہ! ہمارا ننھا مہمان رواں سال جولائی میں اس دُنیا میں آجائے گا۔
اقرا نے گود بھرائی کی چند تصایر شئیر کرتے ہوئے یاسر حسین کے لئے لکھا کہ میرے پیارے اس خوبصورت سفر کے ذریعے آپ حیرت انگیز پارٹنر رہے ہیں میں آپ کو اپنا بنانے کے لئے اللہ کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میرے تمام موڈ کا خیال رکھنا ، کھانے ، آرام اور کیا نہیں۔ میں آپ جیسے آدمی کے ساتھ فیملی شروع کرنے پر بہت خوش ہوں
دوسری جانب یاسر حسین نے اس خاص موقع پر بےحد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا تھا۔
خیال رہے کہ مقبول اداکار جوڑی اقراء اور یاسر 2019 کے آخری ایام میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے –