امریکہ کی پابندیوں سے ایران پسپا نہیں ہوگا ، علی خامنا ای

0
31

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم امریکا کی ظالمانہ پابندیوں اور توہین سے ( اپنے مقاصد سے) پسپا نہیں ہوگی۔

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق علی خامنہ ای کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق انھوں نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ امریکی حکومت کے سفاک عہدے دار ایران پر الزام عاید کرتے اور اس کی توہین کرتے ہیں۔ایرانی قوم اس طرح کی توہین آمیزی سے پیچھے ہٹے گی اور نہ سرنگوں ہوگی‘‘۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کی مذاکرات کی پیش کش ایک فریب ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوموار کو ایران کے خلاف نئی سخت مالی پابندیاں عاید کی ہیں ۔ان میں آیت اللہ علی خامنہ ای اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ ایران کے خلاف یہ نئی پابندیاں گذشتہ ہفتے امریکا کے ایک ڈرون کو مار گرانے کے ردعمل میں عاید کی گئی ہیں۔اس اقدام کے باوجود امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اسلامی جمہوریہ کے ساتھ بات چیت کو تیار ہیں۔

اس کے ردعمل میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا:’’ مذاکرات ایک دھوکا ہیں اور وہ ( امریکی) یہی چاہتے ہیں۔اگر ایک ہتھیار آپ کے پاس ہے اور وہ آپ کے نزدیک آنے کی جرأت نہیں کریں گے۔ وہ یہ چاہتے ہیں کہ ہم ہتھیاروں سے دستبردار ہوجائیں تاکہ وہ ہمارے ساتھ جو چاہیں کرتے ،پھریں۔یہ مذاکرات ہیں‘‘۔

امریکی صدر نے ایرانی سپریم لیڈر پر سخت پابندیاں عاید کرنے کے حکم پر دست خط کرتے ہوئے انھیں ایران کی تخریبی سرگرمیوں کا ذمے دار قرار دیا تھا۔ان کاکہنا تھا کہ ’’ ہم تہران پر دباؤ بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہوگا‘‘۔

Leave a reply