قطر ۔ ایران گیس فیلڈ میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق خلیج عرب میں ایران اور قطر کے ‘جنوبی پارس’ مشترکہ گیس فیلڈ کی تنصیبات میں زور دار دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی تاہم اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ بُدھ کے روز خلیج عرب میں عسلویہ کے مقام پر واقع ‘جنوبی پارس’ گیس فیلڈ کے پلیٹ فارم نمبر9 میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی دھماکوں کی نوعیت معلوم ہو سکی ہے۔ آتشزدگی کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ایرانی گیس فیلڈ کے ایک عہدیدار بہرام دشتی نژاد نے بتایا کہ گیس فیلڈ میں آگ مقامی وقت کے مطابق شام تین بجے لگی، ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرکے وہاں سے 14 ملازمین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ گیس فیلڈ کے پلیٹ فارم 9 پر آگ لگنے کے بعد تیزی کے ساتھ اس نے چھ ، سات اور آٹھ نمبر پلیٹ فارمز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آخری اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ نے گیس فیلڈ میں لگنے والی آگ پر 90 فی صد قابو پا لیا تھا۔