ایران ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش کر رہا ہے:امریکی میڈیا کا الزام
واشنگٹن:امریکی انٹیلی جنس لیک میں انکشاف ہوا ہےکہ ایران ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش کر رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق امریکی حکومت کی خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو قتل کرنے یا پکڑنے کی سازش کر رہا ہے۔
انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کا خیال ہے کہ ایران اپنے اعلیٰ فوجی اور انٹیلی جنس کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے لیے موجودہ یا سابق سینئر امریکی اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔
جنوری 2020 میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر عراق میں کیے گئے ایک ڈرون حملے میں ایرانی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اپنے قریبی ساتھی سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔
جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد سے ایران نے ذمہ داروں کے خلاف انتقامی کارروائی کی دھمکی دے رکھی ہے اور امریکی حکام کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے فوری طور پر رد عمل دیتے ہوئے عراق میں موجود امریکی اڈوں کو بیک وقت سینکڑوں میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ابتداء میں واشنگٹن کی جانب سے ان حملوں میں کسی کے مارے جانے یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی تھی تاہم بعد ازاں امریکا نے اس حملے میں سینکڑوں فوجیوں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کردی تھی۔
امریکی حکومت کا خیال ہے کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران حملے کا خطرہ زیادہ ہے۔