ایران کسی ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا. ایرانی صدر حسن روحانی

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی ریاست کے خلاف جنگ چھیڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منگل کے دن سرکاری ٹی وی پر نشر کئے جانے والے اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ جمعرات کے روز خلیجِ عُمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملے کے بعد سے ایران اور امریکہ کے درمیان تصادم کے حوالے سے اندیشے بڑھ گئے ہیں اور یہ کہ مذکورہ حملوں کے حوالہ سے واشنگٹن نے اس کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے۔
ادھر یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کی رابطہ کار فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے پر یورپی یونین کی تشویش کا اظہار کیا۔ ہم اس وقت حالات کو پرسکون بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ موگرینی کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک ایران نے ہماری توقعات کے مطابق جوہری معاہدے کی پاسداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی آئندہ رپورٹ کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں پر حملوںکے بعد امریکہ اور برطانیہ نے ان حملوں کا ذمہ دار واضح طور پر ایران کو ٹھہرایا ہے. ان حملوں کے بعد ایران اور امریکہ میں کشیدگی بھی بڑھی ہے اوردونوں طرف سے جارحانہ بیان بازی دیکھنے میں آئی ہے.