ترکی کی طرح ایرانی عوام بھی ڈالر کو سڑکوں‌ پر رکھ کر آگ لگا دیں. سپاہ پاسداران انقلاب کی اپیل

0
28

ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے شعبہ جامد دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے کہا ہے کہ ڈالرکی قیمت امریکا کا کمزور پہلو ہے۔ ایرانی عوام کو چاہیے کہ وہ امریکی کرنسی ڈالر کو سڑکوں پر رکھ کرآگ لگا دیں۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ‌کے مطابق انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکی کی طرح ایرانی عوام میں‌ بھی امریکی ڈالر کو نذرآتش کرنے کا جذبہ پیدا ہو جائے تو اس سے ایران کی قومی کرنسی پر انحصار بڑھے گا اور یہ اقدام دشمن کی کمزور رگ پر حملے کے مترادف ہوگا۔

غلام رضا جلالی کا کہنا تھا کہ چین، روس، ترکی اور ایران مل کر ڈالر کو عالمی مالیاتی نیٹ ورک سے نکال باہر کریں‌۔اگر مالیاتی لین دین سے ڈالر کو نکال باہر کرنے پر اتفاق رائے ہو جائے تو امریکہ کا اقتصادی طاقت کا گھمنڈ بہت جلد ٹوٹ جائے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ اقتصادی ماہرین نے کہا ہےکہ تیل کی قیمت 120 سے 100 ڈالر فی بیرل ہونے سے ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔ امریکی اور یورپی تیل کی اتنی زیادہ قیمت برداشت نہیں کرسکتے۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکہ کے مابین ان دنوں‌سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں‌طرف سے جارحانہ بیان بازی کی جارہی ہے. ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے ڈالر کو سڑکوں‌پر آگ لگانے کا بیان بھی اسی تناظر میں دیا گیا ہے.

Leave a reply