ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا طویل ہدف کو نشانہ بنانیوالے میزائل کا تجربہ، دشمن پریشان

0
26

باغی ٹی وی : ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے طویل ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون کا تجربہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے زمین سے سمندر میں مار کرنے والے لانگ رینج میزائل اور ڈرون کا تجربہ کیا جو امریکا سے حالیہ کشیدگی کے بعد دو ہفتوں میں ایران کی جانب سے چوتھی بار فوجی قوت کا مظاہرہ ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے ہفتے کے روز لانگ رینج بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا اور اسے مشرقی حصے میں بھارتی سمندر میں مقررہ مصنوعی ہدف کی طرف فائر کیا، میزائل نے 1800 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے ہدف کو نشانہ بنایا۔

میزائل تجربے پر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد بغاری کا کہنا تھا کہ سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے والے ایک بہت زیادہ لانگ رینج میزائل کا انتخاب یہ ظاہر کرتا ہےکہ اگر ایرانی بندرگاہوں کے دشمن ہمارے قومی مفاد، سمندری تجارتی راستوں اور زمینوں کی طرف کوئی تخریب کاری کریں تو انہیں میزائل کے ذریعے نشانہ بناکر تباہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جارحیت کا کوئی ارادہ نہیں لیکن اس تجربے کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ اگر ہمارے ملک پر کوئی جارحیت ہوئی تو اس کا پوری طاقت اور مختصر وقت میں جواب دیا جائے گا۔

یران کی پاسداران انقلاب نے اس موقع پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس خود کش بمبار ڈرونز کا تجربہ بھی کیا۔ ان ڈرونز نے بھی طویل تر فاصلے پر موجود بری اور بحری اہداف کو ڈھونڈ کر کامیابی سے نشانہ بنایا۔

فوجی مشق کے دوسرے مرحلے پر پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایلیٹ آرمی فورس کا ایک مقصد طیارہ بردار بحری جہاز سمیت “دشمن کے جنگی جہازوں” کو نشانہ بنانا ہے۔ ہمارا جارحیت کا ارادہ نہیں لیکن قومی سلامتی پر آنچ آئے تو چپ نہیں بیٹھیں گے۔

خلیج فارس کے پانیوں پر امریکی طیاری بردار بحری جہاز اپنے آئل ٹینکرز اور تنصیبات کی تحفظ کے لیے موجود ہے جس پر ایران کی جانب سے مبینہ طور پر حملے کیے گئے تھے اور اب ایران نے سمندر میں طیارہ بردار بحری جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کا تجربہ کیا ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ جمعے کو جنگی مشق کے آغاز پر بھی نئے بیلسٹک میزائلز اور بمبار ڈرونز کا تجربہ کیا گیا تھا تاہم وہ قریبی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

Leave a reply