اسلام آباد میں مطلع ابرآلود، کراچی میں پارہ 12 ڈگری تک گرگیا
اسلام آباد میں مطلع ابرآلود، کراچی میں پارہ 12 ڈگری تک گرگیا
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز جمعہ دو دسمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور سرد رہے گا، جب کہ کراچی میں آج صبح درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ اور باجوڑ میں آج ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
میٹ آفس کے مطابق پنجاب کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ رات اور صبح کے اوقات میں فیصل آباد، جہلم، لاہور، منگلا، حافظ آباد، جوہر آباد، سیالکوٹ، نارووال میں دھند رہی۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور اور ملتان میں بھی دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صبح کے اوقات میں سکھر اورگردو نواح میں دھند چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ شہر میں صبح تک دھند کا راج رہا۔ کراچی میں ہلکی دھند کی وجہ سے حد نگاہ 4 کلومیٹر رہ گئی تھی۔ کراچی میں جمعہ کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر میں ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔ میٹ آفس کے مطابق آنے والے دنوں میں کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے متعدد موٹرویز بند کردی گئیں۔ پشاور اسلام آباد موٹروے، لاہور سے شیخوپورہ تک اور لاہور عبدالحکیم موٹروے فیض پور سے سمندری تک بند کردی گئی ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق سیالکوٹ لاہور موٹروے اور ملتان سکھر موٹر وے پر بھی دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگئی ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پہلے اور کراچی دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔