اسلام آباد سے قطر جانے والے مسافر کے پیٹ سے منشیات بھرے کیپسول برآمد
اسلام آباد سے قطر جانے والے مسافر کے پیٹ سے منشیات بھرے کیپسول برآمد
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں قطر جانے والے مسافر کے پیٹ سے منشیات بھرے کیپسول برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے فلائٹ نمبر کیو آر 0633 سے قطر جانے والے ملزم کے پیٹ سے 45 آئس بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔ خیبر کے رہائشی مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب اے این ایف حکام نے پشاور سے پنجاب منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مردان کے رہائشی شخص کو گرفتار کرلیا۔ پشاور موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کی کار سے 34 کلو 800 گرام افیون اور 8 کلو 400 گرام چرس برآمد کرلی گئی ہے۔
ملتان میں کی گئی ایک کارروائی میں بہاولنگر کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کی کار سے 2 کلو 400 گرام افیون برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف حکام نے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔
انسان منشیات کا استعمال کیوں کرتے ہیں
ہر سال 26 جون کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے دنیا بھر میں منشیات کے استعمال اور اسکی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے دنیا بھر میں کام کرنے والی سرکاری و غیر سرکاری تنظیمیں نشے کی مختلف اقسام، انکے نقصانات اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے سیمینار منعقد کرتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا میں 20 کروڑ افراد منشیات کے عادی ہیں۔ منشیات کا استعمال سب سے زیادہ امریکا میں ہوتاہے۔ ہیروئن کے استعمال میں تعداد کے حوالے سے ایشیا سرفہرست ہے۔ اس وقت پوری دنیا میں منشیات کی سب سے زیادہ مانگ یورپ میں ہے۔ جہاں تقریباً 75 فیصد لوگ ذہنی دباؤ اور دیگر امراض سے وقتی سکون حاصل کرنے لیے منشیات کا سہارا لیتے ہیں۔ ملک میں بطورِ منشیات سب سے زیادہ استعمال بھنگ، حشیش، چرس، ہیروئن اور شراب کی صورت میں کیا جاتا ہے۔