معیشت پراسحاق ڈار کا عمران خان کو مناظرے کا چیلنج

0
47
ishaq dar

لاہور:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت خراب کی، نیازی کی تباہی آج ہماری حکومت ٹھیک کررہی ہے۔ وزیر خزانہ نے عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دے ڈالا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار سابق وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی کی تباہی آج ہماری حکومت ٹھیک کررہی ہے، انہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا اور ملک کے 4 سال خراب کردیئے۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ مان چکے ہیں کہ چوری شدہ الیکشن کے ذریعے آپ کو لایا گیا، آپ نام بھی بتاچکے کہ کون آپ کو لایا تھا، آپ کو اچھی بھلی معیشت ملی تھی، اس پر کام کرنے کے بجائے سیاسی انتقام کی پالیسی پر نہ چلتے تو آج پاکستان اس حالت کو نہ پہنچا ہوتا جہاں آج کھڑا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آپ کی سوچ ہے کہ آپ کی سیاست جاتی ہے تو ریاست بھی جائے، عمران خان نے جی ڈی پی پر غلط بیانی کی، ن لیگ کے دور میں فی کس آمدنی میں 379 ڈالر اضافہ ہوا جبکہ پی ٹی آئی دور میں صرف 30 ڈالر کا اضافہ ہوسکا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان عمران حکومت کی وجہ سے آیا، یہ سیاسی انتقام میں لگے رہے، معیشت پر توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی حکومت نے روپے کا بیڑہ غرق کیا، عمران خان جس ملک بھی گئے پاکستان کو بدنام کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کا موٹو اور نصب العین الٹ ہے، عمران خان کے پیدا کردہ برے حالات کے بعد ہم نے ریاست کو بچایا ہے۔ عمران نیازی میں آپ کو شیشہ دکھاؤں گا، معاشی بدحالی کے ذمہ دار ہم نہیں عمران نیازی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں معاشی ترقی (جی ڈی پی) کی شرح 6.10 فیصد جبکہ پی ٹی آئی دور میں 5.8 فیصد تھی، ہمیں 244 ارب ڈالر کی معیشت ملی تھی جسے ہم پانچ سال میں 356 ارب ڈالر تک لے کر گئے، معیشت میں 112 ارب ڈالر اضافہ کیا، پی ٹی آئی 4 سال میں اسے صرف 26 ارب ڈالر اضافہ سے 382.4 ڈالر تک لے جاسکی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ملکی قرضوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، قوم کو لیکچر نہ دیں، ملک کو تباہ کرنے پر معافی مانگیں، عمران خان بتائیں آپ نے کتنی لوڈشیڈنگ ختم کی، ن لیگ حکومت میں آئی تو 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ملی تھی، عمران خان یا تو لاعلم ہیں یا ان کو غلط معلومات دی جاتی ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ تمام معاشی اشاریوں کا انہوں نے بیڑہ غرق کیا، پی ٹی آئی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ساڑھے 17 ارب ڈالر پر چھوڑ کرگئی، عمران خان عوام کو گمراہ کرنا بند کریں، پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے پیچھے ہٹ گئی۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاشی حقائق پر سابق وزیراعظم عمران خان کو مناظرے کا چیلنج کردیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنے معاشی ماہرین لے آئیں، اعداد و شمار پر بحث کرلیں، عمران خان 55 لاکھ نوکریاں دینے کا کوئی ثبوت دکھادیں، ان کا ماننا ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ عوام کو سچ لگنے لگے۔

Leave a reply