ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد کی اہم شاہراہ ان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی ہیرو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی اور اولمپک گولڈ میڈل جیتنے پر ان کے اعزاز میں اسلام آباد کی ایک اہم شاہراہ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔سینیئر صحافی کاشف علی عباسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنی ایک پوسٹ میں اس خبر کا انکشاف کیا۔ انہوں نے لکھا کہ حکومت نے اس بات پر اتفاق کرلیا ہے کہ اسلام آباد کی ایک نمایاں شاہراہ کو ارشد ندیم کے نام سے موسوم کیا جائے گا، جو پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنے۔
یہ فیصلہ ارشد ندیم کی جانب سے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد کیا گیا ہے۔ ارشد ندیم نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے پاکستان کے لیے 40 سال بعد اولمپک مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا، جس پر پوری قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ارشد ندیم کا یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے، اور ان کے نام سے اسلام آباد کی شاہراہ کا منسوب ہونا ان کی غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف ہے۔