مزید دیکھیں

مقبول

اسلام آباد ایئر پورٹ بھکاریوں کے نرغے میں

اسلام آباد: ملک میں پیشہ ور گداگروں کی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں اور اب انہوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اپنا نیا ہدف بنا لیا ہے۔ مسافروں کو تنگ کرنے والے یہ گداگر مختلف حیلوں بہانوں سے ایئرپورٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، گداگر خود کو وزیٹرز کا بھیس دے کر ایئرپورٹ میں داخل ہو رہے ہیں اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو تنگ کرنا معمول بنا لیا ہے۔ خاص طور پر ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا اور انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے سامنے خواتین گداگروں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے، جو مسافروں سے مالی مدد طلب کرتی ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان گداگروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایئرپورٹ منیجر کے مطابق، ویجلنس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر گداگروں کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں۔ ان ٹیموں کا کام گداگروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کرنا ہے تاکہ ایئرپورٹ پر مسافروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایئرپورٹ منیجر کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 30 سے زائد گداگروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ تاہم، اس مسئلے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر کسی بھی گداگر کو رقم دینے سے گریز کریں اور اگر کسی کو اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث پائیں تو فوری طور پر انتظامیہ یا متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو اطلاع دیں۔ اس کے ساتھ ہی، ایئرپورٹ سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔یہ مسئلہ صرف ایئرپورٹ تک محدود نہیں بلکہ ملک کے مختلف شہروں میں گداگروں کے گروہ متحرک ہیں، جو منظم انداز میں کام کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس مسئلے کے خلاف سخت اقدامات کریں تاکہ عوام کو ان سے نجات مل سکے۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan