راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوئی جس کے بعد شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے اسلام آباد ہائی کورٹ کی چھتیں بارش کے بعد ٹپکنے لگیں۔

اسلام آباد میں بارش کے بعد ہائیکورٹ بلڈنگ کے اندر پانی جمع ہوگیا،بارش کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ کی مسجد سے ملحقہ ایریا سے پانی ٹپکنے لگا، پانی گرنے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی بلڈنگ پر اربوں روپے خرچ ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے مظفرآباد و گردونواح میں موسم خوشگوارہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں برسنے کے امکانات ہیں، پنجاب میں بارشوں کی شدت تیز ہو گی، شدید بارشیں ہونے کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

Shares: