اسلام آباد میں پہلی بار فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا آغاز ہو گیا، علی محمد خان کا افتتاحی تقریب سے خطاب

0
35

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلی بار فارمااینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا آغاز ہو گیا ہے، اس موقع پر ایک افتتاحی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان کی دواساز صنعت ترقی کر رہی ہے ، اسے مزیدآگے لے کر جائیں گے، مقامی صنعت کو اہمیت دینے سے فوائد حاصل ہوں گے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ اس دو روزہ نمائش کا افتتاح بدھ کی صبح وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اورسی ای او ڈریپ عاصم رؤف نے کیا، اس موقع پر چیئرمین پاکستان فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نارتھ چوہدری انصر فاروق، سابق سی ای او ڈریب ڈاکٹر اسلم اور منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی بھی موجود تھے، دو روزہ پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے تحت منعقد کی جارہی ہے، افتتاح کے بعد وزیرمملکت نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور پروڈکٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ریڑھ کی ہڈی ہے، ہمیں زراعت کو آگے لانا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ اپنی انڈسٹری کو آگے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے مراعات لے کر آ رہے ہیں، کھاد کی قیمت میں کمی ہونی چاہیے،اٹھارویں ترمیم کے بعد زراعت کا بجٹ کم ہواہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے نمائش کے منتظم ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی کا کہنا تھا کہ پہلا فارما اینڈ فوڈ سمٹ بھی نمائش کا حصہ ہے، اس نمائش اور کانفرنس میں پاکستان کے مختلف شہروں سمیت بیرون ممالک سے بھی مندوبین شریک ہیں۔

واضح رہے کہ یہ نمائش بدھ اور جمعرات کی شام چھ بجے تک جاری رہے گی جس میں‌ فارما اینڈ ہیلتھ کیئرانڈسٹری سے وابستہ پارٹنرز اور نمائش کنندگان ہوں‌ گے. یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسلام آباد میں‌ فارمااینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا آغاز کیا گیا. اس اہم ایونٹ میں‌ لوگوں‌ کی زبردست دلچسپی دیکھنے میں‌ آرہی ہے.
محمد اویس

Leave a reply