آئی جی سندھ کے معاملے پر پھردونوں بڑے بڑادل کرکے بیٹھ گئے

0
29

کراچی:آئی جی سندھ کے معاملے پر پھردونوں بڑے بڑادل کرکے بیٹھ گئے ،اطلاعات کےمطابق آئی جی سندھ کے معاملے پر گورنرسندھ عمران اسماعیل سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں امن وامان اور صوبے کے دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق گورنر اور وزیر اعلیٰ کی ملاقات میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کی تبدیلی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس پر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثناءاللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے تاہم وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا تھا۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان آئی جی کے لیے ایک نام پر اتفاق رائے کی خبر سامنے آئی تھی تاہم بعد میں وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا معاملہ وزیراعلیٰ اور گورنر کے سپرد کردیا لیکن سندھ حکومت نے کابینہ کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے گورنر سندھ سے مشاورت سے انکار کیا۔

Leave a reply