پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اصل مجرموں کو بے نقاب کرے. شیخ رشید

0
21

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اصل مجرموں کو بے نقاب کرے.

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہناہے کہ عمران خان پر حملہ کرنے والا ایک بندہ نہیں تھا، کئی لوگ تھے۔ راولپنڈی ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مجھے یاد بھی نہیں رہتا کون سی عدالت میں میرے خلاف کونسا کیس ہے، میرے خلاف تمام کیس سیاسی ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان پر حملہ جمہوریت اور ملک کے خلاف سازش ہے، حملہ کرنے والا ایک بندہ نہیں تھا، کئی لوگ تھے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ گرفتار شخص کا اعترافی بیان وائرل کیا گیا، پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے واقعہ کی تفتیش اور تحقیقات کرے، اور اصل مجرموں کو بے نقاب کرے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو بہتری کی طرف لے جانا ہے، ایک خاص سوچ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے، موجودہ حکومت کو دنیا میں کسی جگہ سے فنڈ نہیں ملا ہے.
مزید یہ بھی پڑھیں؛ کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں: ترجمان پاک فوج
اللہ کی رحمت اورقوم کی دعاوں سےخیریت سے ہوں:جھکوں گانہیں ڈٹ کرمقابلہ ہوگا:عمران خان
کنٹینر پر فائرنگ، نواز شریف اور مریم کی عمران خان پرحملے کی مذمت

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے دوران صوبہ پنجاب کے شہر وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعے میں سابق وزیر اعظم عمران خان زخمی ہوئے تھے تاہم ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ جبکہ یہ لانگ مارچ کا ساتواں روز تھا جس کے آغاز پر عمران خان صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ سے ساڑھے بارہ بجے روانہ ہوئے تھے۔ لیکن قریب پانچ گھنٹے بعد ہی ان کے کنٹینر پر فائرنگ کر دی گئی تھی.

Leave a reply