اسلام آباد میں اچانک 5ہزارسکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ ہوگیا

0
19

اسلام آباد: اسلام آباد میں اچانک 5ہزارسکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ ہوگیا،اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں او آئی سی اجلاس کے باعث 5ہزارسکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے پیش نظر وفاقی پولیس نے جامع سکیورٹی پلان بنا لیا ہے جس کے مطابق وفاقی پولیس سمیت 5 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاک آرمی،رینجرز،اسپیشل برانچ ،ٹریفک ڈویژن ،آپریشنز ڈویژن،سکیورٹی ڈویژن شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران شاہراہ دستور پر روڈ ٹریفک کے لئے بند ہو گی،غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ریڈ زون مکمل بند کر دیا جائے گا جبکہ سکیورٹی پلان مکمل طور پر تین روز کے لئے ہوگا۔

اسلام آباد میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی کے اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طٰہٰ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری کا وفاقی دارالحکومت آمد پر استقبال کیا۔اس موقعے پر دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزیرِ مملکت فرخ حبیب نے او آئی سی کے جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طٰہٰ کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔او آئی سی کے جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طٰہٰ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پر امن اور مستحکم افغانستان کیلئے بہترین کردار ادا کیا۔ سیکریٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم کی آمد پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہٰ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے غیر معمولی اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے۔

حسین ابراہیم طٰہٰ سمیت دیگر مہمان 19 دسمبر کو وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں او آئی سی اجلاس کی غرض سے 3روز کیلئے سیکورٹی انتظامات سخت رہیں گے۔

Leave a reply