اسلام آباد:جہانگیر ترین گروپ کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا:راجہ ریاض پارلیمانی لیڈرہوں گے ،اطلاعات کےمطابق تحریک انصاف کے رہنما سلمان نعیم اور عون چوہدری نے جہانگیر ترین گروپ کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا، گروپ کا نام ’جہانگیر ترین ہم خیال گروپ’ رکھا گیا ہے، جہانگیر ترین گروپ نے قومی اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کردیے۔
تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری نے بتایا کہ ایم این اے راجہ ریاض قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے، پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر نوانی جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔
رکن اسمبلی سلمان نعیم کا کہنا ہے کہ گروپ نے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں جمعے کو پاور شو کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آج کے اجلاس میں کوئی نیا رکن اسمبلی شریک نہیں ہوا، گزشتہ اجلاس میں سے بھی کئی ارکان اسمبلی آج شریک نہ ہوسکے، شرکت نہ کرنے والے ارکان اسمبلی کے ناموں کو صغیہ راز رکھا گیا ہے۔
سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ کئی ارکان اسمبلی نجی مصروفیات کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے، اجلاس میں شریک ارکان سے گروپ کے اعلان کے لیے باقاعدہ حلف لیا گیا۔
دوسری جانب نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ 32 ارکان اسمبلی اور 8 ارکان قومی اسمبلی ہیں، تین سالوں میں ایک بھی میگا پروجیکٹ ہم لاہور میں نہیں کرسکے، دائیں بائیں بیٹھے خوشامدی وزیراعظم کو غلط معلومات دیتے ہیں۔سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ کہا ہمارے مسائل حل کریں لیکن مثبت جواب نہیں دیا گیا، جہانگیر ترین جو بھی فیصلہ کریں گے ان کے ساتھ ہوں گے باقاعدہ حلف لیا ہے۔