راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید تین قیدیوں کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ایک قیدی اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق تینوں قیدیوں کو دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RIC) منتقل کیا جا رہا تھا۔ راستے میں ایک قیدی کی حالت تشویشناک ہو گئی اور وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ انتقال کرنے والا قیدی تھانہ کلر سیداں پولیس کی حراست میں منشیات کے مقدمے میں گرفتار تھا، جبکہ اسپتال منتقل کیے گئے باقی دو قیدی قتل کے مقدمات میں زیرِ حراست ہیں۔ دونوں قیدی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔جیل انتظامیہ نے واقعے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے، جب کہ جاں بحق قیدی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Shares: