چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں یوم جمہوریت منا یا جا رہا ہے اورجمہوریت کا مطلب صرف انتخابات نہیں ہیں بلکہ یہ شمولیت، ہم آہنگی اور نمائندگی کو فروغ دینے اور اس بات کو یقینی بنانے کے بارے میں ہے کہ ہر شہری، چاہے اس کی عمر کچھ بھی ہو، ہمارے اجتماعی روشن مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے۔اس سال جمہوریت کے عالمی دن کے حوالے سے موضوع”اگلی نسل کو بااختیار بنانا“ ہے جو کہ جمہوریت کو آگے بڑھانے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ان کی آواز کو ان فیصلوں میں شامل کیا جائے جن کا ان کی زندگیوں پر گہرا اثر پڑتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں ایک متحرک جمہوریت ہے، اور اس کی سب سے نمایاں طاقت نوجوان آبادی ہے۔وہ نوجوان ہماری قوم کا سب سے بڑا اثاثہ اور امید کا ذریعہ ہیں۔اس بات پر غور کرنا بہت ضروری ہے کہ ہم قانون سازی کے عمل میں اپنی نوجوان نسل کی خواہشات کی فعال شمولیت کو کس طرح یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نوجوان رہنماؤں کو آگے بڑھنے اور قومی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے متعدد یوتھ فورمز اور پلیٹ فارمز قائم کیے ہیں۔جہاں پاکستانی نوجوان اپنی توانائیاں استعمال کرتے ہوئے تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
الیکشن کمیشن فوری انتخابات کی تاریخ دے ،بلاول
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کو بااختیار بنانا ہمار ا عزم ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ وہ نہ صرف کل کے رہنما ہیں بلکہ آج کے فیصلوں کی تشکیل میں فعال حصہ دار ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ ہماری وابستگی کا مطلب اس عزم کا اظہار ہے کہ نوجوانوں کی آواز کو نہ صرف تسلیم کیا جائے بلکہ قانون سازی کے عمل میں بھی انہیں شامل کیا جائے۔جمہوریت اور جمہوری روایات کو اپنانے سے معاشرے میں برداشت، رواداری، اور پر امن بقائے باہمی فروغ پاتے ہیں اور یہی آج کی ضرورت ہے تاکہ ہم یکجا ہو کر پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔