خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ڈی چوک پہنچ کر احتجاج کریں گے اور محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کےدوران انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت کے اقدامات پر بات کی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ڈی چوک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی اور یہ احتجاج تحریک انصاف کے بانی کی کال پر ختم ہوگا۔ انہوں نے اسلحہ لانے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "وزیر داخلہ غلط بیانی کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے؟” ان کا مزید کہنا تھا کہ پر امن احتجاج ان کے مفاد میں ہے اور اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری مخالفین پر ہوگی۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے فوج کے ساتھ مقابلے کی افواہوں کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے؟ ہمارا ان سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، بلکہ ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ فوج تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لیے نہیں بلکہ ایس سی او کی سیکیورٹی کے لیے آ رہی ہے۔
جمہوریت میں احتجاج کے حق پر زور دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ آئین کے آرٹیکلز 17 اور 15 کے تحت ہر شہری کو پُرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے محسن نقوی کی جانب سے دیے گئے بیانات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمیں ملک کی پرواہ ہے اور ہم آئینی حقوق کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کریں گے۔”
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved