جیولن تھرو: ارشد ندیم نے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا

0
25

قونیہ :پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اسلامک گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیت لیا۔،اطلاعات کے مطابق ترکی کے شہر قونیہ میں جاری اسلامک گیمز میں 50 سے زائد ممالک کے ایتھلیٹ مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا، انہوں 88.55 میٹر لمبی تھرو کی۔ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں بھی 90 میٹر سے دور نیزا پھینک کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ طلائی تمغہ جیتنے اور ریکارڈ قائم کرنے پر انہیں کئی انعامات سے بھی نوازا گیا تھا۔

اس سے پہلے برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے تاریخ رقم کردی۔ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ ارشد ندیم نے سب سے لمبی نوے اعشاریہ ایک آٹھ میٹر کی تھرو کی۔

اتوار کی رات برمنگھم میں ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے فائنل میں سب کو پیچھے چھوڑدیا۔ کامن ویلتھ گیمز میں جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں چھیاسی اعشاریہ آٹھ ایک میٹر تھرو کی۔

ارشد کی دوسری باری فاؤل کی وجہ سے ضائع ہوئی۔تیسری کوشش میں ارشد ندیم نے ریکارڈ اٹھاسی میٹر تھرو کی۔

چوتھی کوشش میں ارشد ندیم نے پچاسی اعشاریہ صفر نو میٹر تھرو کی جبکہ پانچویں باری میں ریکارڈ نوے اعشاریہ ایک آٹھ میٹرتھرو کرکے کامن ویلتھ میں سب سے لمبی تھرو کا ریکارڈ بنالیا۔

 

 

 

ارشد ندیم جیولن تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔ انھوں نے جیولن ایونٹ میں ایشیا کے کسی بھی ایتھلیٹ سے زیادہ لمبے فاصلے پر جیولن تھرو کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے 2 گولڈ ، تین سلوراور تین کانسی کے تمغے جیتے۔

فائنل سے قبل سماء سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا تھا کہ وہ اس ایونٹ میں کوچ کے بغیر آئے ہیں تاہم اپنی بھرپور کوشش کریں گے کہ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا جائے۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ بڑے مقابلوں کے لیے اچھی سہولیات دی جائیں اور کوچ کو ساتھ بھیجا جائے کیوں کہ اس سے بہت حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

پچھلے ماہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے ارشد ندیم ( Arshad Nadeem ) پانچویں پوزیشن حاصل کرسکے تھے۔ ارشد ندیم نے 86.16 میٹر کی تھرو کی، تاہم یہ تھرو ارشد ندیم کی اس سیزن میں بہترین تھرو بھی تھی۔

اس سے قبل ارشد ندیم نے گروپ بی کوالیفائنگ راونڈ میں 81.71 میٹر تھرو کی جو تیسری باری میں سب سے بہترین تھی۔

پچھلے برس ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو ایونٹ میں گولڈ ميڈل کيلئے12 ايتھليٹس ميں مقابلہ تھا۔ اس ایونٹ میں ارشد نديم پاکستان کے ميڈل کی واحد اميد تھے۔

انھوں نے پہلی کوشش میں 82.40 میٹر تک جیولین تھرو کی۔ دوسری کوشش میں ارشد کی جیولین مطلوبہ لائن سے آگے نہ جاسکی اور فاؤل ہوگیا تھا۔ ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں 84.62 میٹر تک جیولین تھرو کی تھی۔ پہلے 12 ایتھلیٹس کےمقابلے میں ارشد چوتھے نمبر پر آئے اور انھوں نے ٹاپ8 کھلاڑیوں میں جگہ بنائی تھی۔

جیولین تھرو ایونٹ میں ٹاپ 8 ایتھلیٹس کے مقابلے میں پہلی کوشش میں ارشد ندیم نے 82.91 میٹر تک جیولین تھرو کی۔ دوسری کوشش میں انھوں نے 81.98 میٹرتک جیولین تھرو کی۔ تیسری کوشش میں ارشد ندیم ڈس کوالی فائی ہوگئے تھے۔

Leave a reply