fbpx

جس معاشرے میں کرپشن پروان چڑھتی ہے وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا : محمد شاہد

نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شاہد نے کہا ہے کہ کرپشن کے حوالے سے قائد اعظم محمد علی جناح کا قول ہے کہ جس معاشرے میں کرپشن پروان چڑھتی ہیوہ ملک ترقی نہیں کرسکتا ، وہاں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی رک جاتی ہے ،اگرہم بحیثیت مسلمان حضور اکرم ؓ کی تعلیمات پر عمل کرتے تو آج ہمارے معاشرے میں کرپشن کا وجود تک نہ ہوتا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر محمد صدیق میمن اسکاوٹس آڈیٹوریم میں "معاشرے سے کرپشن کے خاتمہ میں نوجوانوں کا کردار ” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے بہت سے ممالک نے ہماری ترقی سے استفعادہ حاصل کیا اور وہ اس وقت دنیا کی ترقی یافتہ قوموں میں شامل تھے جبکہ آج کرپشن کے باعث ہمارا ملک برباد ہوگیا ، آج ترقیاتی بجٹ میں 20سے 40فیصد خردبرد کرلیا جاتا ہے جس کے باعث ہمارا ملک ترقی کے سفر میں بہت پیچھے رہ گیا ہے ۔
اقوام متحدہ کی کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے قائم کردہ ایپکس انٹی کرپشن آرگنائزیشن میں نیب پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے ۔ اس موقع پر صوبائی اسکاوٹس سیکریٹری سید اختر میر نے نیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کردار سازی میں نیب بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے جبکہ اسکاوٹنگ میں بچوں کی کردار سازی کے حوالے سے بچوں کی تربیت کیلئے روحانی ، جسمانی ، ذہنی اور سماجی نشوونما سے متعلق چار پروگرام ہیں جن کے ذریعے اسکاوٹنگ میں بچوں کی تربیت کی جاتی ہے ۔
تقریب میں سینئر اسکاوٹ لیڈر ز محمد طاہر شیخ ،عبد الحئی خان ، فرقان احمد یوسفی ،الیاس میمن ، محمد جاوید ، انور علی بھٹی ، سید عبد الباسط اور دیگر کے علاوہ بوائز اور گرلز اسکاوٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ثاقب صدیق نے حاضرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیئے ۔ آخر میں صوبائی سیکریٹری سید اختر میر،فرقان احمد یوسفی اور محمد طاہر شیخ نے نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شاہد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ثاقب صدیق کواجرک، اسکارف اور شیلڈ پیش کیں جبکہ سیمینار کے شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔