جو تنقید کرے اسے "باغی” کہا جاتا ہے، مریم اورنگزیب کا حکومت کیخلاف وائیٹ پیپر لانیکا اعلان
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کے ایک سال میں بھوک بیروزگاری اور مہنگائی کا سیلاب آیا، حکومتی جھوٹ کے پلندے پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے حکومت پر طنز کے تیروں سے وار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے وائٹ پیپر جاری کرینگے۔ حکومت کی کارکردگی میں صرف انڈے ، کٹے اور مرغیوں کا اضافہ ہوا،50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں؟ حکومت نے قومی کامیابیوں کو ایک سال میں ناکامیوں میں بدل دیا،
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں گیس کے نرخ میں 200 اور بجلی کے نرخ میں 35 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے بتایا کہ ان کی پارٹی نے تحریک انصاف کی حکومت کے جھوٹ کے خلاف جامع وائٹ پیپر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے اس ایک سال میں ایک کلومیٹر سڑک، کسی اسکول میں ایک کلاس روم، کسی ہسپتال میں ایک وارڈ تک نہیں بناسکی ہے تو حکومت کا سارا پیسہ کہاں چلا گیا ہے؟
مریم اورنگزیب نےاپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے حوالہ سے بتایا کہ شہباز شریف کو ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، وہ نہ آ سکے تو مسلم لیگ ن کا وفد شرکت کرے گا۔ جو حکومت کی کارکردگی تنقیدی نظر سے دیکھے، اس کو باغی کہا جاتا ہے یا جیل میں ڈال دیا جاتا ہے کیا یہ مدینہ کی ریاست ہے؟