لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) جےیوآئی فاٹا کے سینئر نائب امیر مفتی اعجاز شینواری نے لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جےیوآئی) کے دستور کے مطابق پہلے رکنیت سازی اور پھر تنظیم سازی کی گئی ہے۔
اس عمل کے دوران لنڈی کوتل کے نومنتخب عہدیداران کا انتخاب بھی کیا گیا، جن میں مولانا محمد عاقب کو امیر، مولانا عظیم شاہ کو جنرل سیکرٹری، مولانا عظمت اللہ شینواری کو سینئر نائب امیر، مولانا عبدالرحیم فقیر کو فنانس اور ذاکر اللہ قریشی کو سالار منتخب کیا گیا۔
مفتی اعجاز شینواری نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام لنڈی کوتل میں امن کے قیام اور اقتصادیات کی بحالی کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جےیوآئی علاقے کے لوگوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کے خلاف اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی۔
نومنتخب امیر مولانا محمد عاقب نے کہا کہ جمعیت کا مقصد خدا کی زمین پر خدا کا نظام نافذ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جےیوآئی اور مولانا فضل الرحمن کی سیاست اصولوں کی بنیاد پر کامیاب ہوتی ہے اور ملک کے تمام سیاستدان ان کے گرد گھومتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم لنڈی کوتل کے عوام کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے اور فرنٹ لائن پر کھڑے ہوں گے۔
آخر میں جنرل سیکرٹری مولانا عظیم شاہ نے کہا کہ وہ طورخم بارڈر پر مزدوروں اور عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور انشاءاللہ جلد تمام مسائل کے حل کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔