لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)جمعیت علماء اسلام ضلع خیبر کی مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ، تحصیل امراء اور جے ٹی آئی کنوینرز کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت مولانا حضرت خان منیب اور جنرل سیکرٹری جناب ملک سید کبیر کی نظامت میں شبیراحمدعثمانی حجرہ قاضی آباد شلوبر میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں 8 دسمبر کو ہونے والی اسرائیل مردہ باد کانفرنس میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلعی جماعت نے ہر تحصیل کا تفصیلی دورہ کرنے اور کارکنوں کو منظم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا۔
اجلاس کے دوران تیراہ میدان کی ابتر صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور امن و امان کی بحالی کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی گئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ امن وامان اور عوام کی حفاظت حکومت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے لیکن صوبائی حکومت مسلسل اسلام آباد پر یرغمال بنے رہنے کے باوجود اپنے عوام کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی حکومت قبائل کو آگاہ کرے کہ کیا وہ امن قائم کر سکتی ہے یا نہیں؟ اسی طرح وفاقی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھایا گیا کہ فاٹا کی ابتر صورتحال پر وہ کیوں خاموش ہے؟
جمعیت علماء اسلام ضلع خیبر نے کہا کہ وہ ہرگز یہ نہیں ہونے دیں گے کہ قبائل کی لاشیں گریں اور اس صورتحال کا نوٹس لینے کے لیے عوامی جرگہ منعقد کرے گی۔
اجلاس میں جے ٹی آئی معاون کنوینر فاٹا وقاص احمد، ضلع خیبر کنوینر عارف اللہ، ڈپٹی جنرل مولانا عبدالرحیم، ضلعی سینئر نائب امیر الحاج شمس الدین، سرپرست اعلیٰ شیخ تحسین اللہ، تحصیل جمرود کے امیر مولانا سعید خان، جنرل سیکرٹری سعید خقانی، لنڈی کوتل کے امیر مولانا عاقب اور دیگر اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔
اجلاس میں شامل تمام شرکاء نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ جمعیت علماء اسلام کو اپنے مشن میں کامیاب کرے اور ملک و قوم کی حفاظت کے لیے رہنمائی فراہم کرے۔