جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کے لیے کل روانہ ہو نگے
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کل (جمعرات) کو عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ اس دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں ہونے والی الوداعی فل کورٹ ریفرنس اور نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ عمرے کے لیے روانہ ہوں گے اور ان کی وطن واپسی یکم نومبر کو متوقع ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں الوداعی فل کورٹ ریفرنس 25 اکتوبر کو منعقد ہوگا، جس میں نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی بھی خطاب کریں گے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی 26 اکتوبر کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان حلف اٹھائیں گے، یہ تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوگی اور صدر مملکت آصف علی زرداری نئے چیف جسٹس سے حلف لیں گے۔ تقریب میں 300 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔اس طرح جسٹس منصور علی شاہ دونوں اہم تقریبات میں شرکت سے قاصر ہوں گے۔